حیدرآباد ۔ 20 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : حج کمیٹی آف انڈیا نے محرم کوٹہ کے تحت قرعہ اندازی کے ذریعہ ملک بھر کے لیے 500 عازمین حج کا انتخاب کیا ہے ۔ قرعہ اندازی کے ذریعہ تلنگانہ کے 27 خاتون عازمین کا انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ حج کمیٹی آف انڈیا سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق حج 2019 کی محرم زمرہ کی 500 نشستوں کے لیے ملک بھر سے 937 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے 890 درخواستوں کو اہل قرار دیا گیا اور ان کی قرعہ اندازی کی گئی ۔ تلنگانہ سے 81 خواتین نے درخواست داخل کی تھی جن میں 78 کو درست قرار دیا گیا ۔ ان میں سے 27 کا انتخاب عمل میں آیا ۔ منتخب خاتون عازمین کو چاہئے کہ اپنی درخواست میں زمرہ کے مطابق حج مصارف کی جملہ رقم 30 مئی تک جمع کرادیں ۔ رقم کی ادائیگی کے بعد انٹرنیشنل پاسپورٹ معہ کلر فوٹو ، پے سلپ اور فٹنس سرٹیفیکٹ ریاستی حج کمیٹی میں داخل کردیں ۔ حج مصارف کی رقم سنٹرل حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر آن لائن جمع کی جاسکتی ہے ۔ اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور یونین بنک کی کسی برانچ میں بھی ادا کئے جاسکتے ہیں ۔۔