محرم زمرہ کے لیے 500 نشستیں مختص آن لائین درخواستوں کی سہولت

حیدرآباد ۔ 18۔ اپریل (سیاست نیوز) حج 2019 ء کیلئے سنٹرل حج کمیٹی نے 500 نشستیں محرم زمرہ کیلئے مختص کی ہیں ۔ ملک بھر میں 500 نشستوں پر ڈرا کے ذریعہ محرم زمرہ کے خاتون عازمین کا انتخاب کیا جائے گا ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی مقصود احمد خاں نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں کو اس سلسلہ میں سرکولر جاری کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایسی خواتین جن کے مرد محرم کا انتخاب ہوچکا ہے اور وہ پاسپورٹ کی عدم موجودگی یا کسی اور وجہ سے درخواست داخل نہیں کرسکی ، وہ اس سہولت سے استفادہ کرسکتی ہیں۔ انتخاب کے بعد یہ خواتین اپنے مرد محرم کے ہمراہ فریضہ حج ادا کرپائیں گی۔ اس زمرہ میں ایسی خواتین درخواست دے سکتی ہیں جنہوں نے حج کمیٹی یا خانگی ٹور آپریٹرس سے اب تک فریضہ حج ادا نہیں کیا ہے۔ حج کمیٹی کے ویب سائیٹ www.hajcommittee.gov.in پر درخواستیں پرُ کرسکتے ہیں۔ ان کے پاس 31 جنوری 2020 ء تک کا انٹرنیشنل پاسپورٹ ہونا چاہئے ۔ اگر کسی کور نمبر میں 5 عازمین موجود ہیں تو اس کے تحت محرم زمرہ میں درخواست نہیں دی جا سکتی ۔ آن لائین داخل کردہ فارم کی ہارڈ کاپی ضروری دستاویزات کے ساتھ متعلقہ حج کمیٹیوں میں 6 مئی سے قبل داخل کردی جائیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کو راست طور پر روانہ کردہ درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا ۔ 6 مئی سے قبل ریاستی حج کمیٹیوں کو موصولہ درخواستیں مکمل جانچ کے بعد 13 مئی تک سنٹرل حج کمیٹی کو روانہ کردی جائیں۔ مقررہ نشستوں سے زائد درخواستوں کی صورت میں قرعہ اندازی ہوگی۔