حیدرآباد 14 ستمبر (سیاست نیوز) ماہِ محرم اور گنیش تہوار کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے سکیورٹی اور ٹریفک کا خصوصی بندوبست کیا جارہا ہے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے ٹریفک پولیس عملہ کا ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا جس میں 21 ستمبر کو بی بی کے علم کا مرکزی جلوس اور 23 ستمبر کو منعقد ہونے والے گنیش وسرجن جلوس کے لئے ٹریفک اسکیم کا جائزہ لیا۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس نے اِس مرتبہ گوگل کمپنی سے رابطہ قائم کیا ہے تاکہ عوام کو مرکزی جلوس کے علاوہ موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس ٹریفک مسٹر انیل کمار نے کہاکہ 6.5 کیلو میٹر کا بی بی کے علم کا مرکزی جلوس اور 18 کیلو میٹر طویل گنیش وسرجن کے جلوس کے لئے 2500 ٹریفک پولیس عملہ کو متعین کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تازہ ترین ٹریفک اپ ڈیٹس کے لئے اُنھوں نے گوگل کمپنی سے رابطہ قائم کیا ہے تاکہ عوام کو فی الفور ٹریفک کی صورتحال سے واقف کرایا جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ گوگل میاپ کے ذریعہ لائیو رپورٹ فراہم کی جائے گی۔ مسٹر انیل کمار نے کہاکہ اِس مرتبہ ٹریفک بندوبست کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے دیگر پولیس فورس کو ٹریفک کے بہاؤ کو باقاعدہ بنانے کے لئے استعمال کیا جائے گا اور مرکزی جلوس اتوار کے دن نکالے جانے کے پیش نظر پیر کی صبح ٹریفک کو فی الفور باقاعدہ بنانے کے لئے اپنی توجہ مرکوز کی ہے۔