محرم الحرام کے آغاز کے باوجود معلنہ بجٹ کی عدم اجرائی

عاشور خانوں کے قریب صاف صفائی کے انتظامات ندارد ، حکومت کو اقلیتوں کے مسائل سے عدم دلچسپی
حیدرآباد۔12ستمبر(سیاست نیوز) محرم الحرام کے آغاز کے باوجود حکومت کی جانب سے معلنہ بجٹ کی عدم اجرائی اور عاشور خانوں کی آہک پاشی و مرمت کے کاموں کی تکمیل نہ کئے جانے پر شیعہ برادری میں حکومت کے خلاف سخت ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ماہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل اجلاس منعقد کرتے ہوئے تمام محکمہ جات کو ہدایات جاری کی گئی تھی کہ وہ اس مہینے کے آغاز سے قبل تمام کاموں کی تکمیل کو یقینی بنائیں اور حکومت نے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ ماہ محرم کیلئے خصوصی بجٹ 1 کروڑ روپئے جاری کیا جائے گا لیکن اس خصوص میں حکومت کا اعلان صرف اعلان کی حد تک محدود ہے اور حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ بادشاہی عاشور خانہ میں کچرے اور عاشور خانہ حسینی علم میں ڈرینیج کے پانی کے ابل پڑنے کے علاوہ شیعہ غالب آبادی والے علاقو ںمیں برقی سربراہی میں خلل کے علاوہ عاشور خانوں کے قریب خصوصی صفائی کے انتظامات اور روشنی کے انتظامات بھی نہیں کئے گئے ۔یکم محرم الحرام سے پرانی حویلی‘ دارالشفائ‘ یاقوت پورہ‘ کوٹلہ عالیجاہ کے علاوہ دیگر مقامات پر موجود عاشور خانوں میں مسلسل مجالس امام عالی مقام کا اہتمام کیا جاتا ہے اور ان مجالس عزاء میں ہزاروں کی تعداد میں عوام شرکت کرتے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے بجٹ کی عدم اجرائی اور دیئے گئے تیقنات پر عدم عمل آوری کے سبب شیعہ برادری میں ناراضگی پائی جاتی ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ عاشور خانوں کے قریب صفائی اور روشنی کے انتظامات کے اعلانات کے باوجودکوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا اورمحکمہ برقی کے عہدیداروں کو اس بات کی تاکید کی گئی تھی کہ ماہ محرم الحرام کے آغازسے بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں لیکن گذشتہ دو یوم کے دوران متعدد مرتبہ برقی سربراہی میں خلل پیدا ہوا ہے جس سے محکمہ اور حکومت کی کارکردگی کا اندازہ ہوتا ہے۔ تلگو دیشم قائد جناب علی الگتمی نے کہا کہ حکومت نے صرف شہر حیدرآباد میں ہی نہیں بلکہ ریاست کے کسی بھی مقام پر ماہ محرم کے سلسلہ میں کوئی کام انجام نہیں دیئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ شاد نگر میں عاشور خانوں کی صفائی اور روشنی کے انتظامات کو بھی ممکن بنانے کے اقدامات نہیں کئے گئے ۔ انہوںنے بجٹ کی عدم اجرائی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا 1کروڑ کی اجرائی میں حکومت کی ناکامی حکومت کے موجودہ مالی موقف کو ظاہر کرتی ہے۔ جناب میر فراست علی باقری ترجمان بھارتیہ جنتا پارٹی نے کہا کہ دنیا بھر میں حیدرآباد کے محرم کو اہمیت حاصل ہے اور ملک بھر سے لوگ محرم کے دوران شہر حیدرآباد میں موجود بارگاہوں اور تبرکات کی زیارت کے لئے حیدرآباد پہنچتے ہیں لیکن موجودہ نگران حکومت کی جانب سے محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلہ میں کی جانے والی کوتاہی اور بجٹ کی عدم اجرائی سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ حکومت کو اقلیتوںکے مسائل کے حل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔