محبوب چوک کی تاریخی عمارت کے انہدام و نئی عمارت کی تعمیر

حکومت نے جی او جاری کردیا ۔ آئندہ چند یوم میں مارکٹ کے انہدام کا امکان ۔ منصوبہ کو اسٹینڈنگ کمیٹی کی بھی منظوری

حیدرآباد۔21اگسٹ(سیاست نیوز) محبوب چوک کی تاریخی عمارت کو منہدم کرتے ہوئے اس کی جگہ نئی عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں حکومت نے جی او جاری کردیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران محبوب چوک مارکٹ کو منہدم کرتے ہوئے اس کی جگہ 36کروڑ کی کی لاگت سے نئی عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کیا جائے گا جو کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے مختص کئے گئے ہیں اور اس منصوبہ کو اسٹینڈنگ کمیٹی کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی او میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ ماہرین سے موجودہ عمارت کی مضبوطی کے متعلق رپور ٹ وصول کرنے کے بعد ہی اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ موجودہ عمارت کو منہدم کرنے کے بعد ہی نئی عمارت تعمیر کی جائے گی۔ محبوب چوک مارکٹ کی جگہ نئی عمارت کی تعمیر کے ساتھ اس مارکٹ میں 292ملگیاں نکالی جائیں گی جو کہ موجودہ کرایہ داروں کے علاوہ اسی علاقہ میں کام کرنے والوں کے حوالہ کی جائیں گی۔ محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے جاری جی او میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ عمارت کی تزئین نو کے ساتھ عمارت کو مضبوط نہیں بنایا جاسکتا اور عمارت میں موجود دراڑوں کو دیکھتے ہوئے ماہرین نے موجودہ عمارت کو ناقابل رہائش و استعمال قرارد یا ہے اس رپورٹ کے موصول ہونے کے بعد محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا او راس کے بعد ہی اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ موجودہ عمارت کو منہدم کرنے کے بعد اسی طرز تعمیر کی عمارت تیارکرتے ہوئے ملگیاں نکالی جائیں گی اور ایسی ہی تعمیر میں عمل میں لائی جائے گی تاکہ اس عمارت کی تاریخی خوبصورتی کو برقرار رکھا جا سکے۔مسٹر اروند کمار کی دستخط کے ساتھ جاری کردہ اس جی او میں اس بات کی بھی صراحت کی گئی ہے کہ جے این ٹی یو کے علاوہ دیگر ماہرین سے بھی اس عمارت کے استحکام اور موجودہ صورتحال کے متعلق رپورٹ طلب کی گئی تھی اور ان اداروں کے ماہرین نے گذشتہ سال کے اواخر میں ہی رپورٹ پیش کرتے ہوئے یہ کہا تھا اس عمارت کے مرمتی یا تزئین نو کے کام مناسب نہیں ہیں اسی لئے اسے منہدم کرتے ہوئے نئی عمار ت کی تعمیرہی واحد حل ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اگر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اس عمارت کی تزئین نو کی جاتی ہے یا مرمت کے ذریعہ کام چلانے کی کوشش کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں موجودہ عمارت شدید بارش یا معمولی زلزلہ کے جھٹکے برداشت کرنے کے موقف میں بھی نہیں ہوگی۔جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے بتایا کہ محبوب چوک کی عمارت کو منہدم کرتے ہوئے اس کی جگہ عصری مارکٹ کی تعمیر کے فیصلہ سے قبل محبوب چوک مارکٹ سے متعلق تمام لوگوں سے مشاور ت کی جاچکی ہے اور تمام معاملات کو قطعیت دینے کے بعد ہی اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ محبوب چوک مارکٹ کو منہدم کرنے کے بعد اس کی جگہ پر نئی خوبصورت عصری مارکٹ کی تعمیر عمل میں لائی جائے ۔