مارکٹ کی منتقلی کی تجویز سے دستبرداری ، سردار محل میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا : مشرف فاروقی
حیدرآباد۔23جولائی(سیاست نیوز) محبوب چوک مارکٹ کی ہمہ منزلہ عمارت کی تعمیر کا جلد آغاز کیا جائے گا ۔چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں جاری ترقیاتی کاموں میں اس منصوبہ کو بھی شامل رکھا گیا ہے ۔محبوب چوک مارکٹ چوک مرغاں میں موجود مرغ اور گوشت کی دکانات کی منتقلی کی تجویز سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے مجوزہ کامپلکس میں مقامی تاجرین کو ہی جگہ کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ جناب مشرف فاروقی آئی اے ایس نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ محبوب چوک مارکٹ کی منتقلی کے منصوبہ کو ترک کردیا گیا ہے لیکن اس جگہ عصری ہمہ منزلہ مارکٹ کی تعمیر کے منصوبہ کو قطعیت دیدی گئی ہے۔ جناب مشرف فاروقی نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے تاریخی چارمینار کو سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے کام تیزی سے جاری ہیں اور سردار محل کی عمارت کے تحفظ اور اس جگہ کو شہر کے ثقافتی میوزیم کے طور پر ترقی دینے کا فیصلہ برقرار ہے۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے ابتدائی منصوبہ میں سردار محل میں فوڈ کورٹ کے قیام کا منصوبہ تھا لیکن اس میں ترمیم کے ساتھ اس تاریخی عمارت کو ہیریٹیج میوزیم میں تبدیل کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس پر عمل آوری کی جائے گی۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محبوب چوک مارکٹ میں جملہ 262 دکانات ہیں اور نئی عمارت کی تعمیر کے بعد ان تمام دکانات کے مالکین کو جگہ کی تخصیص کے علاوہ اگر اضافی ملگیات نکلتی ہیں تو دیگر تاجرین کو بھی اس مارکٹ میں جگہ کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے محبوب چوک کی تعمیر نو کیلئے منظوری دیدی ہے اور کہا جا رہاہے کہ موسم باراں کے اختتام کے فوری بعد تعمیری سرگرمیوں کاآغاز عمل میں لایا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ محبوب چوک گھڑیال کے چمن کے اطراف کاروبار کرنے والے تاجرین کو بھی اس نئے کامپلکس میں جگہ کی فراہمی کے سلسلہ میں منصوبہ تیار کیا جا رہاہے لیکن اس منصوبہ کو تاحال قطعیت نہیں دی گئی ہے۔محبوب چوک مارکٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کے ساتھ اطراف کے علاقوں میں سڑک کی توسیع اور موتی گلی پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کردیا جائے گا تاکہ پرانے شہر میں جاری چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموںمیں تیزی لائی جا سکے ۔