محکمہ برقی کے عہدیداروں سے شکایت کے باوجود لاپرواہی کا مظاہرہ ، تاجرین اور عوام کی براہمی
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : قلب شہر میں واقع لاڈ بازار کا ایک گوشہ مکمل طور پر 24 گھنٹے سے برقی سربراہی سے محروم ہے ۔ اہم ترین تجارتی علاقے میں گذشہ 24 گھنٹوں کے دوران محکمہ برقی کی جانب سے برقی بحالی کو یقینی بنانے میں ناکامی سے محکمہ برقی کی کارکردگی کا اندازہ ہوتا ہے ۔ 13 اگست کی صبح 10 بجے برقی سربراہی منقطع ہوئی اور اسی دن دوپہر سے مقامی تاجرین محکمہ برقی کے عہدیداروں سے شکایت کررہے ہیں ۔ لیکن اس کے باوجود برقی بحالی کو یقینی نہیں بنایا گیا اور اب تک بھی برقی سربراہی مسدود ہے ۔ تقریباً 100 تاجرین اس صورتحال سے دوچار ہیں اور 24 گھنٹے سے زائد برقی مسدودی کے باعث ان کے کاروبار مکمل طور پر متاثر رہے ہیں ۔ لاڈ بازار تا محبوب چوک سڑک کی ایک جانب برقی سربراہی کی مسدودی کے متعلق محکمہ برقی کے عہدیدار کچھ بھی کہنے سے قاصر ہیں ۔ جب کہ مقامی تاجرین کا کہنا ہے کہ برقی کیبل میں شاک کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے لیکن محکمہ برقی کی جانب سے متعدد مرتبہ کی جانے والی شکایات کو نظر انداز کرتے ہوئے آج یہ صورتحال پیدا ہوچکی ہے ۔ گذشتہ 2 برس سے اس حصہ سے تعلق رکھنے والے تاجرین کی جانب سے محکمہ برقی کے عہدیداروں سے اس بات کی شکایات کی جارہی تھی کہ برقی سربراہی میں نہ صرف وولٹیج کی شکایت ہے بلکہ متعدد مرتبہ برقی سربراہی کے باعث کاروبار متاثر ہورہے ہیں ۔ گذشتہ 24 گھنٹے سے برقی سربراہی نہ ہونے کے باعث آج دن بھر ان کاروباری اداروں میں تجارت تقریبا منسوخ رہی ۔ متاثرہ تاجرین کا کہنا ہے اگر فوری طور پر محکمہ برقی کے عہدیدار حرکت میں آتے ہوئے مسئلہ کی نشاندہی کرتے تو یہ صورتحال پیدا ہی نہیں ہوتی ۔ تاجرین کا کہنا ہے کہ آج کے عصری دور میں مسئلہ کی عدم نشاندہی کا شکوہ کرنے والے محکمہ کی ترقی کا اندازہ ہورہا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب 15 اگست کو عام تعطیل کی بنیاد پر یہ کام مزید ایک دن تعطل کا شکار رہے گا اور 16 اگست اس کام کی تکمیل کا امکان ہے ۔ مقامی تاجرین نے وزیر برقی اور محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے خواہش کی ہے کہ فوری طور پر اس مسئلہ کو حل کرنے کے اقدامات کرے ۔ بصورت دیگر وہ محکمہ برقی کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے مجبور ہوجائیں گے ۔ برقی صارفین کا کہنا ہے کہ غیر معیاری برقی سربراہی کے خلاف وہ صارفین فورم سے رجوع ہونے کا اختیار رکھتے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ محکمہ برقی کو موقعہ فراہم کررہے ہیں چونکہ محکمہ برقی عوامی سہولت کے لیے خدمات انجام دے رہا ہے لیکن قلب شہر میں واقع لاڈ بازار تا محبوب چوک کے تاجرین کے لیے محکمہ برقی زحمت کا باعث بنا ہوا ہے چونکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متعدد مرتبہ شکایت کے باوجود مسئلہ تو حل نہیں ہوا لیکن اس مسئلہ پر جو کوئی شکایت کے لیے فون کرتا ہے اس کا فون عہدیداروں کی جانب سے منقطع کردیا جارہا ہے ۔۔