حیدرآباد۔ 21 مارچ (سیاست نیوز) لوک سبھا حلقہ محبوب نگر کے کانگریس امیدوار ڈاکٹر سی ایچ ومشی چند ریڈی نے آج سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی سے ملاقات کی۔ انہوں نے لوک سبھا انتخابات میں سی پی آئی کی تائید کی اپیل کی ہے۔ ومشی چند ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی غیر جمہوری حکمرانی اور ملک میں بی جے پی کی فرقہ پرستی کو شکست دینے کے لیے سی پی آئی کو دیگر سکیولر جماعتوں سے تعاون کرنا چاہئے۔ ملک بھر میں سکیولر جماعتوں کو متحدہ طور پر کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں پارٹی قائدین سے مشاورت کے بعد فیصلے کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی ہمیشہ سکیولر طاقتوں کے استحکام کے حق میں رہی ہے۔