عوام سے کے ٹی آر کی اپیل، مختلف ترقیاتی اسکیمات کا سنگ بنیاد
حیدرآباد۔/7جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ متحدہ محبوب نگر ضلع کو پسماندگی کا شکار بنانے والی کانگریس پارٹی کو شکست سے دوچار کریں۔ کے ٹی آر نے آج محبوب نگر ضلع ہیڈکوارٹر پر 30کروڑ روپئے کے خرچ سے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ بعد میں کلاک ٹاور علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے علاقہ میں عوامی سہولتوں کی فراہمی کے بارے میں رکن اسمبلی سرینواس گوڑ سے تفصیلات حاصل کی۔ کے ٹی آر نے منی ٹینک بنڈ کا معائنہ کیا اور کچھ دیر تک کشتی میں سواری کی۔ منی ٹینک بنڈ سے متصل نکلیس روڈ کی اراضی کا کے ٹی آر نے معائنہ کیا۔ 500 کروڑ کے خرچ سے ڈیویٹی پلی میں قائم کئے جانے والے آئی ٹی انڈسٹریل پارک کے پیلان کی نقاب کشائی کی۔ اس پارک میں 100 سے زائد نامور کمپنیاں شامل ہوں گی۔ ریاستی وزیر صحت لکشما ریڈی، رکن اسمبلی جتیندر ریڈی، ارکان مقننہ سرینواس گوڑ، اے وینکٹیشور ریڈی، رام موہن ریڈی، جی بالراجو، کلکٹر رونالڈ راوز، زیڈ پی چیرمین ڈی بھاسکر اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کانگریس پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس پارٹی نے محبوب نگر کوخشک سالی سے متاثرہ اور پسماندہ ضلع میں تبدیل کردیا تھا۔ لاکھوں کی تعداد میں لوگ روزگار کی تلاش میں دیگر علاقوں کا رُخ کرنے پر مجبور ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر میں ہینڈلوم پارک قائم کیا جائیگا جس سے مقامی نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیئے کہ وہ محبوب نگر کی بہادری سے کانگریس قائدین کو واقف کرائیں جنہوں نے ضلع کو پسماندہ بنادیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی پسماندگی اور لاکھوں افراد کے نقل مقام کیلئے کانگریس پارٹی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کوئی بھی ترقیاتی یا فلاحی کام انجام دینے کی کوشش کی جائے تو کانگریس قائدین فوری رکاوٹ پیدا کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ٹی آر ایس حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اقدامات پر اپوزیشن کی تنقیدیں مناسب نہیں ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں کانگریس قائدین کو سبق سکھائیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے محبوب نگر ضلع کی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے لیکن ابھی بھی ضلع کے کانگریس قائدین رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ٹی آر ایس حکومت ضلع محبوب نگر کو ہر شعبہ میں ترقی دیتے ہوئے اسے ترقیافتہ ضلع میں تبدیل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر کے عوام نے کے سی آر کو پارلیمنٹ کیلئے منتخب کیا تھا اور چیف منسٹر محبوب نگر ضلع کے عوام کا قرض ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے رکن اسمبلی سرینواس گوڑ کی ستائش کی اور کہا کہ وہ ضلع کی ترقی کیلئے مساعی کررہے ہیں۔