محبوب نگر کی سلم بستیوں کا چیف منسٹر چندر شیکھر راو کا دورہ

محبوب نگر 18 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے عوام کے معیار زندگی میں اضافہ کیلئے حکومت تلنگانہ سنجیدہ اقدامات کررہی ہے ۔ اس بات کا انکشاف ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے دوپہر مستقر کے سلم بستیوں کا دورہ کر تے ہوئے کیا۔ چیف منسٹر کی حیثیت سے وہ پہلی مرتبہ محبوب نگر کا دورہ کررہے تھے۔ آج دوپہر 12.30 بجے مستقر محبوب نگر کے کہنہ پالمور کے سلم بستی کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے راست بات کر کے ان کے گذر بسر کے تعلق سے تفصیلات حاصل کیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں سب سے بڑا پسماندہ ضلع محبوب نگر ہی ہے یہاں کے عوام کا ابتر حالت میں زندگی گذاررہے ہیں۔ جھونپڑیاں ،کچے مکانات اور کویلو کے مکان میں اپنی عمر کا بڑا حصہ گذار چکے ہیں لیکن اب یہ تلنگانہ ان کا اپنا ہے اور حکومت ہر قیمت پر انہیں مکانات تعمیر کرکے دے گی ۔ انہو ںنے مہیلا گروپوں سے کہا کہ وہ سوسائٹیاں قائم کرتے ہوئے آگے آئیں ان کے اشتراک اور تعاون سے سلم علاقوں کو خوبصورت کالونیوں میں تبدیل کیا جاسکتا ہے اور پھر ہم سنہرا تلنگانہ کا خوب بھی شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ سلم بستیوں میں تمام مذاہب کے لوگ گذارہ کررہے ہیں ان کی معاشی حالت کو مستحکم کرنے کیلئے خود روزگار فراہم کیا جائے گا ۔ ایس سی ایس ٹی سب پلان کے تحت خصوصی اقدامات کرتے ہوئے بے روزگاروں کو روزگار کی فراہمی عمل میںلائی جائے گی۔ انہو ںنے بتایا کہ متعلقہ قلمدان وہ خود رکھتے ہیں زیادہ سے زیادہ بجٹ فراہم کیا جائے گا۔ انہو ںنے کہا کہ اقلیتوں کیلئے ہم نے 1030 کروڑ کا بجٹ مختص کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سلم علاقوں میں عوام جو مکانات میںمقیم ہیں اگر وہاں پختہ مکانات بنانے کی خواہش رکھتے ہوں تو وہ اپنی مرضی سے متعلقہ عہدیداروں کو مطلع کریں۔ آپ کی بستی اور علاقہ کی ترقی کیلئے ضروری ہیکہ آپ متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ چیف منسٹر دیڑھ گھنٹہ تاخیر سے پہونچے اور ضعیف افراد اور خواتین چھوٹے بچوں کے ساتھ شدید دھوپ کے باوجود اپنے وزیر اعلی کی جھلک دیکھنے کو بے تاب تھے۔ عوام کے رد عمل سے چیف منسٹر مطمئن اور مسرور تھے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اندرون ایک ہفتہ وہ پھر سے یہاں کا دورہ کریں گے اور سلم بستیوں میں پختہ مکانات کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور چار ماہ میں مکانات کی تعمیر بھی مکمل کرلی جائے گی ۔ انہوں نے بلند آواز میں کہا کہ سنہرے تلنگانہ کے حصول کیلئے اور اپنا طرز زندگی معیاری بنانے کیلئے ہم سب کو ایک ہونا ہوگا ۔ اس موقع پر ملاپ ہوٹل کے مالک ذوالفقار علی نے غریب عوام کیلئے 2000 گز اراضی دینے کا اعلان کیا جواب میںچیف منسٹر نے مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے سلم بستیوں کے عوام کو پینے کے پانی کی قلت کے سنگین مسئلہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اندرون 3 ماہ آر او پلانٹ ہر سلم بستی میں قائم کئے جائیں گے اور ضلع کے عوام کو بھی اس مسئلہ سے نجات دلانے کیلئے سری سیلم کے قریب ولور میں واٹر گرڈ قائم کیا جارہا ہے اندرون 2 سال تمام مواضعات میں وافر مقدار میں پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر مستقر کے پرانا باغ ، ایرہ منو گٹہ جیسے سلم علاقوں کا بھی دورہ کیا ۔ ایرہ منو گٹہ پر ڈرینج کی بد ترین صورتحال اور خار دار جھاڑیوں کو دیکھ کر برہم ہوگئے اور میونسپل کمشنر اور آر ڈی او کی سرزنش کی ۔ چیف منسٹر بڑے تالاب کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ تالاب کے کٹے پر ٹینک بینڈ کے طرز پر ترقی دیتے ہوئے ایک شاندار تفریحی مقام بنایا جائے گا ۔ چیف منسٹر کو ریتو بازار کا دورہ کرنا تھا لیکن وہاں رک نہ سکے ۔ وہاں پر قریشی برادری کے افراد جو پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے مطالبہ کیا کہ مسلخ کی تعمیر جلد کی جائے ۔ چیف منسٹر سلم بستیوں کے غریبوں کے مکانات میں پیدل چلتے ہوئے داخل ہوگئے اور ان کے رہن سہن کو دیکھ کر متاثر ہوئے۔ عظمت النساء بیگم نامی خاتون اپنے معذور لڑکے کے ساتھ چیف منسٹر سے ملاقات کی اور بتایا کہ درخواست دینے پر انہیں وظیفہ نہیں ملا جس پر چیف منسٹر نے فوری وظیفہ کی اجرائی کی ہدایت دی ۔