حیدرآباد ۔ 2 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) صفائی مہم کے تحت محبو بیہ کالج کے طالبات نے آج اپنے ہی کالج میںسوچھ بھارت ابھیان کی شروعات عمل میںلائی۔ یونینار کی جانب سے منعقدہ اس مہم میں کالج کی سینکڑوں طالبات نے حصہ لیتے ہوئے کالج میں صاف صفائی کے کام انجام دئے۔پرنسپل کالج محترمہ نزہت فرحانہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے صفائی مہم میں طلبہ کی غیر معمولی دلچسپی پرمسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ یونینار کمپنی کے اشتراک سے کالج میں سوچھ بھارت ابھیان کی شروعات کی گئی ہے جس کو ایک دن میں ختم نہیںکیا جائے گا بلکہ ہر ہفتہ صفائی کے متعلق طلبہ کے ساتھ مل کر جائزہ بھی لیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر طلبہ کی خدمات سے استفادہ اٹھاتے ہوئے کالج کو صاف ستھرا رکھنے کا کام بھی کی جائے گا ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ یونینار کی جانب سے محبو بیہ کالج کے دس تا پندرہ بیت الخلاء کی تزئین نو اور آہک پاشی کا کام بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سوچھ بھارت ابھیان کے متعلق طلبہ کو تجویز پیش کرنے کے ساتھ ہی طلبہ نے حامی بھرتے ہوئے رضاکارانہ طور پر اس صفائی مہم میں شامل ہونے کا فیصلہ لیا ہے ۔ پرنسپل نے مزیدکہاکہ سوچھ بھارت ابھیان کے اگلے مرحلے میںکالج احاطہ کے اندر پودے لگانے کاکام کیا جائے گا تاکہ فضاء آلودگی کو ختم کیا جاسکے۔ انہوں نے یونینار اور مہم میںحصہ لینے والے طالبات کا اس موقع پر شکریہ ادا کیا۔