سرینگر ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی ریاست جموں و کشمیر کی اولین خاتون چیف منسٹر کی حیثیت سے 4 اپریل کو حلف لیں گی۔ محبوبہ مفتی کی حلف برداری کی اطلاع پی ڈی پی قائد امیتابھ مٹو نے دی۔ مٹو سابق چیف منسٹر مفتی محمد سعید مرحوم کے مشیر بھی رہ چکے ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ 56 سالہ محبوبہ مفتی ریاست میں امن اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گی۔ دریں اثناء پی ڈی پی کے ذرائع کے بموجب بی جے پی نے حلف برداری کی تاریخ سے اتفاق کرلیا ہے۔ ریاستی گورنر این این ووہرہ کو بھی تقریب حلف برداری کے انتخاب کی تاریخ سے مطلع کردیا گیا ہے۔ محبوبہ مفتی مرکزی حکومت سے مخلوط حکومت کے ایجنڈہ پر عمل آوری کا تیقن طلب کررہی تھیں جس کی وجہ سے تشکیل حکومت میں تاخیر ہوئی۔ پی ڈی پی اور بی جے پی نے 26 مارچ کو ہی تشکیل حکومت کا دعویٰ پیش کردیا تھا۔ قبل ازیں مفتی محمد سعید مرحوم کے انتقال سے قبل گذشتہ یکم ؍ مارچ سے بی جے پی ۔ پی ڈی پی مخلوط حکومت تشکیل پائی تھی جو ان کے انتقال تک یعنی 7 جنوری تک برقرار رہی۔ محبوبہ مفتی نے بعض جموں و کشمیر سے متعلق بحالی اعتماد اقدامات کی وضاحت کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ تاہم وزیراعظم نریندر مودی سے 22 مارچ کو ان کی ملاقات کے بعد دو ماہ طویل تعطل ختم ہوگیا۔ محبوبہ مفتی نے وزیراعظم سے اپنی ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مخلوط حکومت برقرار رہے گی۔ پی ڈی پی اور بی جے پی کے تمام اختلافات کی یکسوئی کرلی گئی ہے۔ چنانچہ 4 اپریل کو محبوبہ مفتی کی بطور اولین خاتون چیف منسٹر جموں و کشمیر حلف برداری مقرر ہے۔