محبوبہ مفتی کی گورنر سے ملاقات، تشکیل حکومت کا دعویٰ

جموں و کشمیر کی متوقع اولین مسلم خاتون چیف منسٹر کو بی جے پی کو تائید حاصل

جموں ، 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پی ڈی پی سربراہ اور وزارت اعلیٰ کی امیدوارہ محبوبہ مفتی نے آج گورنر این این ووہرہ سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت کیلئے دعوے داری پیش کی جبکہ ریاست کی متوقع اولین مسلم خاتون چیف منسٹر کو بی جے پی کی تائید حاصل ہے۔ تاہم بی جے پی اور پی ڈی پی نے کہا کہ دونوں شرکائے مخلوط تقریب حلف برداری کی تواریخ پر غور کریں گے۔ بی جے پی نے کہا کہ دونوں حلیفوں کو بعض مسائل اور قواعد کار پر بات چیت کرنی ہوگی۔ محبوبہ مفتی نے دو ایم پیز طارق حامد کارا اور مظفر حسین بیگ کے ہمراہ گورنر سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ ’’میں تشکیل حکومت کیلئے ہمیں غیرمشروط تائید و حمایت پیش کرنے پر بی جے پی کا شکریہ ادا کرتی ہوں‘‘۔ بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر نرمل سنگھ نے بھی گورنر سے ملاقات کی اور نئی حکومت کی تشکیل کیلئے محبوبہ مفتی کیلئے تائید و حمایت کا مکتوب حوالے کیا۔ تاہم بی جے پی نے کہا کہ وہ پی ڈی پی کے ساتھ مل بیٹھ کر مختلف قواعد کار ترتیب دے گی۔ نرمل سنگھ نے کہا کہ بعض قواعد کار اور مسائل ہیں جن پر غوروخوض کی ضرورت ہے اور تشکیل حکومت کا عمل آگے بڑھے گا۔ 56 سالہ محبوبہ مفتی نے کہا کہ اُن کی حکومت کی ساری توجہ امن، مصالحت اور جموں و کشمیر کی ترقی پر مرکوز رہے گی۔ محبوبہ مفتی سے یہ پوچھنے پر کہ کیوں نرمل سنگھ پریس میٹ میں موجود نہیں، پی ڈی پی سربراہ نے کہا، ’’آپ یہ بھی نوٹ کریں کہ بیگ صاحب (پی ڈی پی رکن پارلیمنٹ) جو میرے ہمراہ آئے، ہنوز گورنر کے ساتھ ہیں کیونکہ وہ تقریب حلف برداری کی تاریخ پر بات کرنا چاہتے ہیں۔
پی ڈی پی ۔ بی جے پی معاہدہ پر وضاحت کرنے محبوبہ مفتی سے مطالبہ
نئی دہلی 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی نے آج پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سربراہ محبوبہ مفتی سے مطالبہ کیا ہے کہ بی جے پی کے ساتھ ان کی پارٹی کے معاہدہ پر وضاحت کریں اور انھیں للکارا ہے کہ جرأت ہے تو برسر عام یہ اعلان کریں کہ پارلیمنٹ پر حملہ آور افضل گرو قوم دشمن نہیں تھے۔ محبوبہ مفتی کو موسومہ ایک کھلے مکتوب میں عاپ لیڈر کمار وشواس نے کہاکہ اس غلطی کو تسلیم کرلیں کہ سابق میں انھوں نے افضل گرو کو شہید قرار دیا تھا۔