جموں 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر جموں و کشمیر کی حیثیت سے محبوبہ مفتی کی تقریب حلف برداری میں مرکزی وزراء وینکیا نائیڈو اور جتندر سنگھ شرکت کریں گے۔ محبوبہ مفتی، نامزد ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر نرمل سنگھ اور دیگر وزراء پیر کی صبح 11 بجے راج بھون میں حلف لیں گے۔ محبوبہ مفتی کل جموں میں پارٹی قائدین اور بی جے پی مقننہ پارٹی لیڈر نرمل سنگھ سے ملاقات کرکے کابینہ کی نوعیت اور قلمدانوں کی تقسیم پر تبادلہ خیال کریں گی۔ اس موقع پر بی جے پی کے نیشنل جنرل سکریٹری اور ریاستی پارٹی کے انچارج رام مادھو بھی شریک ہوں گے۔ خصوصی طیارہ کے ذریعہ نئی دہلی روانگی سے قبل رام مادھو نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ 3 دن کی مشاورت میں دونوں پارٹیوں کے درمیان اختلافات کی یکسوئی کرلی گئی ہے۔
اضافی وزارتیں نہیں مانگی : کشمیر بی جے پی
محبوبہ مفتی کو تشکیل حکومت کی دعوت پر حلیف پارٹی کی وضاحت
جموں ۔ 2 اپریل (سیاست ڈا ٹ کام)
اب جبکہ صدر پی ڈی پی محبوبہ مفتی کا جموں و کشمیر کی باگ ڈور سنبھالنا پوری طرح طے ہوچلا ہے، اسٹیٹ بی جے پی نے آج کہا کہ اس نے اضافی وزارتوں نشستوں کیلئے کبھی کوئی مطالبہ نہیں کیا۔ واضح رہے کہ گورنر جموں و کشمیر این این ووہرہ نے آج محبوبہ مفتی کو دعوت دی کہ ریاست میں حکومت تشکیل دیں، جس پر وہ اولین خاتون وزیر اعلیٰ بن جائیں گی۔ سرکاری ترجمان راج بھون نے کہا کہ گورنر ووہرہ نے آج پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کو دعوت دی ہے کہ جموں و کشمیر میں پی ڈی پی۔ بی جے پی مخلوط حکومت تشکیل دیں اور اس کی قیادت کریں۔ بی جے پی کے امیدوار برائے نائب وزیر اعلیٰ نرمل سنگھ نے کہا: ’’دیکھئے! ہم (بی جے پی) نے شروع سے واضح موقف اپنایا لیکن ہماری شراکت دار (پی ڈی پی) کو کچھ وضاحت مطلوب ہوئی اور جیسے ہی وہ مطمئن ہوئے، ان لوگوں نے پیشرفت کا فیصلہ کرلیا۔ اب سب کچھ طے ہے اور ہم مؤثر طور پر حکومت چلانے کیلئے مثبت سوچ و فکر کے ساتھ آگے بڑھنے کے متمنی ہیں۔‘‘ وہ بی جے پی کی ریاستی قومی عاملہ اجلاس کے موقع پر میڈیا سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس میٹنگ میں پارٹی کی حکمت عملی پر غور ہوا۔