محبوبہ مفتی دفعہ 35Aکے دفاع کے بجائے اپنا گھر ٹھیک کرے : بی جے پی

جموں۔ یکم اگسٹ ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے کہا ہے کہ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو دفعہ 35 اے کے دفاع کی فکر کرنے سے پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی آج کل دفعہ 35 اے اور دفعہ 370 کے پیچھے پڑی ہیں جبکہ ان سے اپنا گھر سنبھالا نہیں جاتا۔ رویندر رینا نے یہ باتیں یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی ایک ناتجربہ کار وزیر اعلیٰ تھیں اور وہ صحیح سے کام نہیں کرپائیں۔ رویندر رینا نے کہا کہ پی ڈی پی صدر اب کہتی ہیں کہ ’’بی جے پی سے اتحاد زہر کا گھونٹ پینے کے برابر تھا‘‘ جبکہ بحیثیت وزیر اعلیٰ وہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتی تھیں۔ انہوں نے محبوبہ مفتی کے دفعہ 35 اے اور دفعہ 370 سے متعلق بیانات کے ردعمل میں کہا : ’’جب آپ وزیراعلیٰ تھیں، تب تو آپ نے اس طرح کے بیانات نہیں دیئے ۔ تب تو آپ کو بی جے پی بڑی اچھی لگتی تھی۔ دراصل وہ کام نہیں کرپائیں، ان کے پاس تجربہ نہیں تھا۔ جب آپ اقتدار سے باہر آگئے تو آپ کو دفعہ 35 اے ، دفعہ 370 یاد آگیا۔ یہ عوام کو بیوقوف بنانے کی ایک کوشش ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ کبھی بیان دیتی ہیں کہ اب کشمیر سے صلاح الدین اور یٰسین ملک پیدا ہوں گے ۔ یہ سوچتی ہیں کہ ایسی باتیں کرکے ہم دہلی کو ڈرائیں گے ۔ اپنا گھر تو سنبھالا نہیں جاتا۔ دفعہ 35 اے اور دفعہ 370 کے پیچھے پڑی ہیں۔ ان کو پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنا چاہیے ۔ جو ٹھیک نہیں ہے ‘۔ خیال رہے کہ محبوبہ مفتی نے گذشتہ روز اپنی جماعت پی ڈی پی کے 19 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں سری نگر میں منعقدہ ایک پارٹی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علیحدگی پسند جماعتیں، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی اپنے نظریاتی اختلافات کو یکطرف رکھ کر دفعہ 35 اے کا دفاع کریں گی۔رویندر رینا نے کہا کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ محترمہ مفتی وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتی تھیں۔

بی جے پی لیڈروں میں جھڑپ
ستنا۔ یکم اگسٹ ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش کے ضلع ستنا میں ڈسٹرکٹ پلاننگ کمیٹی کی میٹنگ میں بی جے پی کے کئی لیڈر وں کی آپس میں جھڑپ ہوگئی ۔ گزشتہ روز ہوئی اس میٹنگ میں بیٹھنے کے انتظام کے سلسلے میں جھگڑا شروع ہوگیا جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ریزرو سیٹ پر نیم پلیٹ نہ ہونے پر پہلے میئر ممتا پانڈے ناراض ہوئیں، اس کے کچھ دیر بعد ممبر اسمبلی نارائن ترپاٹھی بھی کسی بات پر ناراض ہوگئے ۔