محبت و ہمدردی ملک کی تعمیر کا واحد راستہ : راہول گاندھی

وزیراعظم پر عوام کے دِلوں میں خوف و نفرت پیدا کرنے کا الزام
نئی دہلی۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے گزشتہ روز لوک سبھا میں وزیراعظم نریندر مودی کو اچانک گلے لگاتے ہوئے سب کو چونکا دینے کے دوسرے دن آج کہا کہ عوام سے محبت و ہمدردی کے ذریعہ ملک و قوم کی تعمیر کا یہی ایک بہترین راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد پر بحث دراصل وزیراعظم کی طرف سے اپنے مقاصد کی تکمیل کیلئے چند افراد کے دِلوں میں خوف، نفرت و برہمی کے استعمال سے متعلق تھی اور خوف و نفرت کی اس مہم کا کانگریس محبت و ہمدردی کے ذریعہ جواب دے رہی ہے۔ راہول گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’پارلیمنٹ میں گزشتہ روز کی بحث کا نقطہ… وزیراعظم کی طرف سے اپنی بات منوانے چند افراد کے دلوں میں خوف، نفرت اور برہمی کے استعمال کو قائم کرنا تھا۔ ہم یہ ثابت کررہے ہیں کہ تمام ہندوستانیوں کے دلوں میں محبت و ہمدردی ہے اور یہی ملک و قوم کی تعمیر کا واحد بہترین راستہ ہے‘‘۔ راہول گاندھی نے گزشتہ روز جارحانہ تیور کے ساتھ شعلہ بیان کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں 45 طویل خطاب کے دوران وزیراعظم پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے نوٹ بندی، بیروزگاری، رفالے معاملت، غریبی، معاشی حالت، ہجومی تشدد شبہ کی بنیاد پر جنوبی ہجوم کے ہاتھوں افراد کو مار مار کر ہلاک کرنے، دلتوں اور خواتین پر حملوں کی شکل میں عوام کو اپنے حملوں کے وار کا نشانہ بنایا ہے۔ مودی نے اپنے جواب میں راہول گاندھی کی تنقیدوں کا ترکی بہ ترکی جواب دیا اور ان کے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔