رامپور ( اتر پردیش ) 9 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) لو جہاد مسئلہ پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اتر پردیش کے سینئر وزیر اعظم خان نے آج کہا کہ دونوں الفاظ یعنی محبت اور جہاد ‘ ’’ پاک لفظ ‘‘ ہیں اور ان کا ماحول کو خراب کرنے کیلئے بیجا استعمال نہیں کیا جانا چاہئے ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اعظم خان نے کہا کہ دونوں الفاظ بہت پاک ہیں ان کا بیجا استعمال نہیں کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جو افراد ان الفاظ کو استعمال کرتے ہوئے دو طبقات میں منافرت اور تقسیم کی فضا پیدا کر رہے ہیں ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کچھ افراد دو الفاظ کے غلط استعمال میں ملوث ہیں تو 125 کروڑ ہندوستانیوں کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا۔