محبان وطن کا اقدام گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج

بیک وقت ایک ہزار قومی پرچم کشائی، سرکردہ سیاسی قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔26جنوری(سیاست نیوز) حیدرآباد میں ایک مقام پر 1000ہندستانی پرچم لہراتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ محبان وطن کے اس اقدام کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ مل جائے گی۔حسین ساگر کے کنارے پیپلز پلازہ میں 68ویں یوم جمہوریہ کے موقع پرطلبہ و اساتذہ نے 1000پرچم لہراتے ہوئے حب الوطنی کا مظاہرہ کیا۔گلوبل پیس انیشیٹیو کی جانب سے منعقدہ اس پروگرام میں شہر کے مختلف اسکولوں کے طلبہ و اساتذہ نے حصہ لیا اور مختلف جماعتوں کے قائدین نے 1000 پرچم لہراتے ہوئے انڈین بک آف ریکارڈس میں پروگرام کو شامل کرنے میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ریاستی وزیر مسٹر ٹی سرینواس یادو کے علاوہ اس پروگرام میں مسٹر اے ریونت ریڈی‘ مسٹر ای پدی ریڈی‘ مسٹر آر چندرشیکھر ریڈی ‘ مسٹر ایل رمنا ‘ مسٹر ایم این سرینواس ‘ مسٹر جی نارائنہ ریڈی‘ مسٹر وویک‘ مسٹر پرساد اور جناب سید آصف موجود تھے۔اس پروگرام کے دوران دونوں شہروں سے تعلق رکھنے والے کئی اسکولوں کے طلبہ و اساتذہ نے پرچم کشائی میں حصہ لیا ۔اس موقع پر موجود اہم شخصیتوں نے اپنے خطاب کے دوران ملک کے جمہوری نظام کو مزید مستحکم کرنے کے علاوہ جمہوریت کے ثمرات ہر طبقہ تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ملک کے استحکام کے لئے ضروری ہے کہ دستور میں ہر طبقہ کو دیئے گئے مساوی حقوق کی فراہمی کے ساتھ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے۔مسٹر ٹی سرینواس یادو نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تمام طبقات کے حقوق کے تحفظ کیلئے انہیں آئین میں فراہم کردہ مراعات پر عمل کی مکمل آزادی فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور یکجہتی کی مثالی ریاست بنتی جا رہی ہے۔مسٹر اے ریونت ریڈی نے اس موقع پر یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بابائے دستور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے ہندستان کا دستور ملک کے عوام کی زندگی کے ہر گوشہ کو نظر میں رکھتے ہوئے ترتیب دیا ہے اس کے ثمرات محروم طبقات تک پہنچانے کیلئے اقدامات صرف حکومت کے نہیں بلکہ ہر شخص کی ذمہ داری ہے ۔منتظمین نے 1000ہندستانی پرچم لہرانے میں تعاون کرنے والی تمام تنظیموں اور اداروں کا شکریہ ادا کیا۔