محاذ آرائی کے بجائے باہمی تعاون کی راہ اختیار کرنے کی ضرورت

ہندوستان اور پاکستان کے مابین مسائل کی مذاکرات کے ذریعہ یکسوئی متوقع ، پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط

نئی دہلی ۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کو محاذ آرائی ترک کرتے ہوئے باہمی تعاون کی سمت پیشرفت کرنی چاہئے۔ پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے آج یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف باہمی روابط کو معمول پر لانے میں غیرمعمولی دلچسپی رکھتے ہیں۔ وہ آج ہائی کمیشن میں ان کی جانب سے منعقدہ عید ملن پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ اس پروگرام میں اعتدال پسند حریت لیڈر میر واعظ عمر فاروق اور دیگر علحدگی پسند قائدین نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم باہمی روابط میں بہتری چاہتے ہیں۔ ہمیں اچھے پڑوسی کی طرح رہنا چاہئے اور ایک دوسرے کی ترقی میں تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 67 سال ہم صرف لڑائی دیکھتے رہے۔ ہمیں محاذ آرائی کا یہ رویہ ترک کرتے ہوئے باہمی تعاون کی راہ اختیار کرنی چاہئے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ایسا ممکن ہوگا۔ باسط نے یہ بھی توقع ظاہر کی کہ آئندہ چند ماہ میں دونوں ممالک مل بیٹھ کر باہمی مسائل پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری خواہش یہ ہیکہ تمام تنازعات بالخصوص کشمیر کو مذاکرات کے ذریعہ حل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان اپنے پڑوسی ملک ہندوستان کے ساتھ بہتر روابط کا خواہاں ہے اور تمام تنازعات کو حل کرنے کیلئے ہم اپنے طور پر ممکنہ کوشش کریں گے۔ ہائی کمشنر نے توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں ہندوستان اور پاکستان کی باہمی روابط کافی بہتر رہیں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اوفا (روس) میں شنگھائی کارپوریشن آرگنائزیشن چوٹی اجلاس کے موقع پر 11 جولائی کو وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر نریندر مودی نے 2016ء میں سارک چوٹی اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد دورہ کا اعلان کیا۔ آج منعقدہ عید ملن پروگرام میں مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں بشمول شاہی امام جامع مسجد، کانگریس لیڈر منی شنکر ایئر اور صحافیوں و ماہرین تعلیم کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ عبدالباسط نے بالخصوص میر واعظ عمر فاروق کا شکریہ ادا کیا جو اس پروگرام میں شریک ہونے کیلئے خاص طور پر جموں و کشمیر سے یہاں پہنچے۔

مذاکرات میں مسئلہ کشمیر کی عدم شمولیت پر اظہار ناراضگی
نئی دہلی ۔ 21 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اعتدال پسند حریت قائد میر واعظ عمر فاروق نے آج رات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط سے پاکستانی سفارتخانہ نئی دہلی میں عید ملن تقریب کے دوران مسئلہ کشمیر کی نریندر مودی ۔ نواز شریف مذاکرات میں عدم شمولیت پر اظہار ناراضگی کیا۔ یہ بات چیت روس کے شہر اوفا میں ہوئی تھی۔ حریت کانفرنس صدرنشین جو عید ملن تقریب میں شرکت کیلئے خاص طورپر بذریعہ طیارہ سرینگر سے نئی دہلی پہنچے تھے، ہائی کمشنر عبدالباسط سے ملاقات کے دوران انہوں نے اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ مودی ۔شریف ملاقات کے دوران وہ مسئلہ کشمیر کی بات چیت کے ایجنڈہ سے اخراج پر خوش نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ممالک باہمی اعتماد بحال کرنا چاہتے ہیں تو انہیں مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کرنی ہوگی۔

سخت گیر حریت قائد سید علی شاہ گیلانی کا پاسپورٹ جاری
نئی دہلی ۔ 21 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دو ماہ کے تنازعہ کے بعد 9 ماہ کیلئے کارآمد ایک پاسپورٹ حریت قائد سید علی شاہ گیلانی کیلئے جاری کردیا گیا۔ انہوں نے سعودی عرب میں اپنی علیل دختر کی عیادت کیلئے پاسپورٹ کی درخواست دی تھی۔ تاہم قومیت کا خانہ پر کرنے سے انکار کردیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ پیدائشی ہندوستانی نہیں ہیں اور ہندوستانی پاسپورٹ پر سفر ان کی مجبوری ہے۔