مجید اللہ خاں فرحت کو آج مکہ مسجد نہ جانے پولیس کی نوٹس،گھر پر عملا ً نظر بند

حیدرآباد 24 اپریل (سیاست نیوز ) مجلس بچاو تحریک کے امیدوار حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ جناب مجید اللہ خاں فرحت کو پولیس نے عملاً نظر بند کردیا۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت 25 اپریل بروز جمعہ مکہ مسجد میں نماز کی ادائیگی کا ارادہ رکھنے پر پولیس نے آج شام انہیں حوالے کردہ ایک نوٹس میں اس بات کی خواہش کی کہ وہ سیاسی مخالفین کو چیلنج کیلئے مسجد کا رخ نہ کریں چونکہ انتخابی ضابطہ اخلاق میں مذہبی مقامات کو سیاسی تشہیر کی جگہ بنانے کی اجازت نہیں ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف چارمینار کی جانب سے جاری کردہ نوٹس
773/0wacp/cmnr/2014
جناب مجید اللہ خاں فرحت کو ہدایت دی کہ وہ امن و ضبط کی برقراری میں تعاون کرنے اور سیاسی مخالفین کو کئے گئے چیلنج کیلئے مقام مکہ مسجد نہ رکھیں۔ واضح رہے کہ جناب مجید اللہ خاں فرحت نے ایک ہفتہ قبل اویسی برادران کو مکہ مسجد پہنچ کر اپنی جائیداد ،اولاد اور خود کو ملت کی خدمت کیلئے وقف کرنے کے اعلان کا چیلنج کیا تھا۔ پولیس نے اپنی نوٹس میں ہدایت دی ہے کہ وہ مکہ مسجد جانے سے گریز کریں تا کہ نقص امن کا کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو اور امن کی برقراری کو یقینی بنایا جاسکے ۔تحریک کے امیدوار نے عوام کی خدمت کیلئے خود کو وقف کرنے کا پہلے ہی اعلان کردیا ہے ۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت نے پولیس کی جانب سے جاری کردہ اس نوٹس پر شدیدرد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جس انداز سے پابندیاں عائد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ پولیس حق کی آواز کو کچلنے کی کوشش میں مصروف ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یقیناً وہ ملک کے ہر اس قانون کا احترام کرتے ہیں جو انسانی حقوق کو پامال ہونے سے بچاتا ہے۔ انہو ںنے مزید کہا کہ وہ کسی انتخابی مہم کے حصہ کے طور پر مکہ مسجد نہیں جانا چاہتے بلکہ ملت اسلامیہ میں اتحاد کیلئے وہ مکہ مسجد میں ممبر رسول سے مخالفین کو اعلان پر اتحاد کو مستحکم کرنے کا اعلان کرنے کے متمنی ہیں ۔ رات دیر گئے جناب مجید اللہ خاں فرحت کے مکان واقع چنچل گوڑہ کے علاقہ انتخابی دفتر پر بھاری پولیس بندوبست کرتے ہوئے انہیں عملاً نظر بند کردیا گیا ۔ تحریک کے سرکردہ قائدین کا ایک ہنگامی اجلاس ڈاکٹر قائم خاں صدر مجلس بچاو تحریک کی صدارت میں منعقد ہوا ۔جس میں امجد اللہ خاں، مولانا اجمل فاروقی، مولانا عبدالقادر قادری ، وحید پاشاہ ،مولانا الحاج سید طاہر جناب ماجد خان ، جناب مجتبی محمود، الحاج سید سلیم کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ اجلاس میں صدر مجلس بچاو تحریک ڈاکٹر قائم خاں کواس بات کا مکمل اختیار دیا کہ وہ فرحت خاں کے چیلنج کے تعلق سے قطعی فیصلہ کریں بعدازاں ڈاکٹر قائم خاں نے تحریک کے قانونی مشیر جناب مظفر اللہ خاں شفاعت ایڈوکیٹ سے مشاورت کے بعد اس بات کا اعلان کیا کہ جناب مجید اللہ خاں فرحت کے چیلنج میں کوئی ترمیم نہیں ہوئی ہے یہ چیلنج اپنی جگہ برقرار ہے لیکن انتخابی ضابطہ اخلاق کے پیش نظر مکہ مسجد سے اعلان سے گریز کیا جائے گا۔ قبل ازیں اس موقع پر قانونی مشیر مظفر اللہ خاں نے مشورہ دیا کہ نوٹس کی خلاف ورزی اور مکہ مسجد جانے پر فرحت اللہ خاں کی گرفتاری عمل میں آسکتی ہے اور ضمانت میں چونکہ ہفتہ اور اتوار کا دن ہونے سے مشکل پیش آسکتی ہے لہذا انہیں پیر کے دن تک امکان ہے تحویل میں رہنا پڑے گا جس سے انتخابی مہم اور انتخابی عمل میں مشکل ہوسکتی ہے اور اس کا غلط اثر مرتب ہوگا ۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت کو عملاً نظر بند کئے جانے کی اطلاع کے ساتھ ہی تحریک کے انتخابی دفتر پر ہزاروں کی تعداد میں حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ و چندرائن گٹہ کے کارکن جمع ہوگئے جو پولیس کے اقدام پر شدید برہمی کا اظہار کررہے ہیںکہ سیاسی حریف جماعت اپنی امکانی شکست سے خائف ہوکر دباو کے حربے اختیار کرنا چاہتی ہے لیکن وہ اپنے سازشی منصوبوں میں کامیاب نہیں ہوگی۔