دبیرپورہ پولیس اسٹیشن منتقلی و رہائی ۔مقامی جماعت کو چیلنج کرنے پر پولیس نوٹس ، خلاف ورزی پر کارروائی ہزاروں حامیوں کا احتجاجی مظاہرہ
حیدرآباد ۔ 25 اپریل (سیاست نیوز) پولیس نے مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ جناب مجیداللہ خان فرحت کو جمعہ کی نماز کی ادائیگی کیلئے مکہ مسجد پہنچنے سے روک دیا۔ جناب مجیداللہ خان فرحت آج جب اپنے انتخابی دفتر سے مکہ مسجد کیلئے روانہ ہوئے تو ہزاروں حامی ان کے ہمراہ چل پڑے۔ پولیس نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے دبیرپورہ برج کے قریب نزد جبار ہوٹل بھاری تعداد میں پولیس کی تعیناتی کے ذریعہ راستہ روک دیا اور جناب مجیداللہ خان فرحت کو حراست میں لے لیا گیا۔ ان کے ہمراہ مجلس بچاؤ تحریک کے حلقہ پارلیمان حیدرآباد کے امیدوار جناب مصطفی محمود اور حلقہ اسمبلی چارمینار کے امیدوار جناب ماجد خان کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ ان قائدین کو حراست میں لیتے ہوئے پولیس نے فوری دبیرپورہ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا اور ان قائدین کے ہمراہ موجود کارکنوں کو وہاں سے چلے جانے کی ہدایت دی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساوتھ زون مسٹر بابو راؤ کی زیرنگرانی پولیس نے مجلس بچاؤ تحریک کے دفتر کے اطراف و اکناف خصوصی انتظامات کر رکھے تھے جیسے ہی اس بات کی اطلاع موصول ہوئی کہ جناب مجیداللہ خان فرحت مکہ مسجد روانگی کیلئے نکل چکے ہیں تو پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے ان کا راستہ روک دیا۔ مسٹر لمباریڈی کے علاوہ دیگر اعلیٰ پولیس عہدیدار بھی اس موقع پر بندوبست کی نگرانی کرتے نظر آئے۔ جناب مجیداللہ خان فرحت نے اپنے دیگر ساتھی محروسین کے ہمراہ دبیرپورہ پولیس اسٹیشن میں ہی نماز ظہر ادا کی۔ بعدازاں پولیس نے انہیں رہا کردیا۔ گذشتہ یوم جناب مجیداللہ خان فرحت کو محکمہ پولیس کی جانب سے نوٹس جاری کرتے ہوئے اس بات کی ہدایت دی گئی تھی کہ وہ مکہ مسجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے نہ جائیں لیکن بعداز مشاورت جناب مجیداللہ خان فرحت نے مکہ مسجد روانگی کا فیصلہ کیا اور انہیں راستہ میں ہی گرفتار کرلیا گیا۔ مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کی گرفتاری کی اطلاع کے ساتھ ہی چنچلگوڑہ میں واقع تحریک کے دفتر پر ہزاروں کی تعداد میں کارکن جمع ہوگئے۔ رہائی کے بعد جناب مجیداللہ خان فرحت کو جلوس کی شکل میں ان کے انتخابی دفتر لایا گیا جہاں انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں چونکہ مخالفین حالات کو بگاڑتے ہوئے ماحول کو خراب کرنے سازشوں میں مصروف ہیں۔