نئی دہلی ، 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لشکر طیبہ کے سرکردہ بم ساز عبد الکریم ٹنڈا نے آج یہاں ایک عدالت میں دعویٰ کیا کہ اسے ہندوستان میں گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ دہلی پولیس نے نیپال سے ’’پکڑا‘‘ اور یہ استدعا کی کہ پولیس کو اُس کے خلاف زیر تصفیہ کیسوں کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی جائے۔ ٹنڈا اُن 20 دہشت گردوں میں سے ہے جن کی ہندوستان نے 26/11 ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے بعد پاکستان سے حوالگی چاہی تھی۔ 72 سالہ ٹنڈا نے جسے بتایا جاتا ہے کہ دہلی پولیس کے اسپیشل سل نے گزشتہ سال 16 اگسٹ کو ہند۔ نیپال سرحد سے گرفتار کیا، کہا کہ درحقیقت اسے پولیس والوں نے نیپال سے پکڑا اور ہندوستان لایا گیا ہے۔ ایڈوکیٹ ایم ایس خان کے ذریعہ داخل کردہ اپنی عرضی میں ٹنڈا نے یہ بھی کہا کہ پولیس کو اُس کے خلاف موجود مقدمات کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دینا چاہئے۔ اُس نے کہا کہ ایسا الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ 1994ء اور 1998ء کے درمیان دہلی اور دیگر ریاستوں میں دہشت گردانہ حملوں کے زائد از 20 کیسوں میں ملوث ہے لیکن آج تک اسے دہلی پولیس کی جانب سے صرف چار معاملوں میں گرفتار کیا گیا ہے۔ہندوستانی حکام نے دعوی کیا ہے کہ عبدالکریم ٹنڈا دہشت گردی کے کئی واقعات میں ملوث ہے۔