مجھے ریاست کے فٹنس کی زیادہ فکر ہے: کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی

نئی دہلی : کچھ عرصہ قبل وزری کھیل راجیہ وردھن نے ’’ ہم فٹ تو انڈیا فٹ ‘‘ نعرہ شروع کیا تھا ۔اسی کے تحت انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو چیلنج کیا تھا ۔

وزیر اعظم نے وراٹ کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے ٹوئیٹر پرایک ویڈیو جاری کی ۔جس میں وہ ورزش کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔وزیر اعظم نے ملک کے تمام آئی پی ایس افسران کو بھی فٹنس چیلنج دیا ہے جن کی عمر ۴۰ ؍ سال سے زیادہ ہے ۔مرکزی وزیر راجیہ وردھن نے کہا کہ بہت کم وزیر اعظم ایسے ہیں جو اپنی فٹنس ویڈیو لوگوں کو ساتھ شیئر کرتے ہیں ۔

وزیر اعظم کے فٹنس چیلنج پر کرناٹک کے وزیر اعلی ایچ ڈی کمارسوامی نے ٹوئیٹ کیا ہے کہ ڈیئر مودی جی ! یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے ۔میری صحت کے لئے آپ کی فکر کا بہت بہت شکریہ ۔جسمانی فٹنس تمام لوگوں کے لئے اہم ہے ،اس لئے میں اس کی حمایت کرتا ہوں ۔مجھے اپنی ریاست کی ترقی کے فٹنس کی زیادہ تشویش ہے اوراس کے لئے آپ کا تعاون چاہئے ۔