’مجھے بھی تھوڑا تھوڑا ہندی آتا ہے‘

سمترا مہاجن کو کھرگے کا جواب، لوک سبھا میں قہقہے
نئی دہلی۔3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسپیکر سمترا مہاجن اور کانگریس کے لیلڈر ملکارجن کھرگے کے درمیان ہندی زبان میں مختصر بات چیت اور دلچسپ نوک جھونٹ کے سبب لوک سبھا کے ارکان آج زور دار قہقہے لگانے پر مجبور ہوگئے۔ کھرگے نے جب مہاراشٹرا میں ذات پات پر تشدد کے مسئلہ پر جب شدید تقریر شروع کی انہوں نے اس مسئلہ پر مہاجن کی طرف سے تحریک التوا مسترد کئے جانے کا حوالہ دیا۔ لیکن اسپیکر نے یہ سمجھیں کہ کھرگے نے کہا کہ ان کی تحریک التوا ’’سویکار ہوگیا‘‘ (قبول کرلی گئی) جس پر کھرگے نے وضاحت کی کہ انہوں نے کہا تھا کہ ’’اَسویکار ہوگیا‘‘ (مسترد کردی گئی ہے)۔ بعدازاں کھرگے نے جیسے ہی اپنے روایتی انداز میں کہا کہ ’’میرے کو بھی تھوڑا تھوڑا ہندی آتا ہے۔‘‘ تمام ارکان کا زور دار قہقہ بلند ہوا اور سارا ایوان زعفران زار ہوگیا۔ سمترا مہاجن نے جواب میں یہ وضاحت کی کہ ’’مجھے سماعت میں دشواری ہورہی ہے۔ کیوں کہ آپ لوگ کافی شور مچارہے ہیں۔‘‘ اسپیکر کے جواب پر کھرگے نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’’میں آپ کو ایک اچھے ڈاکٹر کے بارے میں بتائوں گا۔‘‘ اس ریمارک پر سارا ایوان ایک اور زور دار قہقہ سے گونج اٹھا۔