مجھے اداکارہ کی حیثیت سے یاد رکھیئے: شلپا شیٹی

نئی دہلی۔/6مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) شلپا شیٹی کا فلم کیریئر ختم تو نہیں ہوا ہے لیکن فی الحال وہ اس پر کوئی خاص توجہ بھی نہیں دے رہی ہیں اس کے باوجود ان کا کہنا ہے کہ لوگ انہیں بطور ایکٹریس یاد رکھیں گے تو زیادہ خوشی ہوگی بہ نسبت ایک بزنس وومن کے۔ 38سالہ شلپا شٹی اپنے شوہر راج کندرا کے ساتھ اپنے کاروبار کو وسعت دینے میں مصروف ہیں جن میں آئی پی ایل ٹیم بھی شامل ہے اور ان کے ارکان خاندان بھی کاروبار پر زائد توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور شاید اسی لئے ان کے فلمی کیریئر کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔

لیکن اس کے باوجود شلپا شیٹی کاکہنا ہے کہ وہ اداکارہ پہلے ہیں اور بزنس وومن بعد میں۔ انہوں نے کہا کہ وہ فلمی دنیا سے دورہ نہیں ہوئی ہیں بلکہ ٹی وی شو اور اشتہارات کرتی رہتی ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں اس وقت بڑا بُرا لگتا ہے جب وہ اپنے ارکان خاندان اور بچے کو چھوڑ کر شوٹنگ کے لئے باہر جاتی ہیں اور زیادہ عرصہ باہر ہی گزارتی ہیں جبکہ کاروبار کرنا ایک بالکل دیگر تجربہ ہے جہاں آپ کے تحت کام کرنے والے کافی لوگ ہوتے ہیں۔ اداکاری کیلئے چونکہ آپ کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا اس لئے آپ کو ہی اپنا وقت دینا پڑتا ہے۔ یاد رہے کہ شلپا شیٹی کی شاہ رخ خان کے ساتھ ’ بازی گر‘ اور اکشے کمار و سنیل شیٹی کے ساتھ ’ دھڑکن‘ انتہائی کامیاب فلمیں تصور کی جاتی ہیں۔