مجوزہ جنوبی یورپی گیس پائپ لائن کی تعمیر نہیں ہوگی : پوتین

ماسکو ۔ 2 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام) روسی صدر ولادیمیر پوتین نے جنوبی یورپ کیلئے اربوں ڈالر کے گیس پائپ لائن منصوبے کو آئندہ منسوخ کر دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو حکومت اب ترکی اور یونان کے درمیان سرحدی علاقے کو گیس کی ترسیل کا مرکز بنانے پر توجہ دے گی۔ صدر پوتین نے یہ اعلان پیر کے روز اپنے دورۂ ترکی کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماسکو اب جنوبی یورپ کیلئے ’ساؤتھ اسٹریم پائپ لائن‘ منصوبے کو آگے نہیں بڑھائے گا بلکہ توانائی کے شعبے میں ترکی کے ساتھ تعاون میں اضافے پر غور کیا جائے گا۔ روسی صدر نے الزام لگایا کہ دراصل یورپی ملک اس منصوبے پر کام کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ ماہرین ولادیمیر پوتین کے اس اعلان کو یوکرائن کے تنازعے کے باعث روس اور یورپی یونین کے مابین کشیدگی کے پس منظر میں دیکھ رہے ہیں۔