مجوزہ بند کے پیش نظر مدھیہ پردیش میں الرٹ

بھوپال، 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل ایکٹ میں ترمیم کے خلاف کل مجوزہ بند کے پیش نظر پورے مدھیہ پردیش میں پولیس اور انتظامیہ الرٹ ہوگئی ہے ۔ پولیس۔ انتظامیہ نے حساس علاقوں میں سیکورٹی کے انتظامات میں اضافہ کردیا ہے ۔ دو اپریل کے بھارت بند کے دوران مدھیہ پردیش کے کچھ حصوں میں تشدد کے دوران کئی لوگوں کی موت کے بعد اب انتظامیہ نے حساس علاقوں میں فاضل سکیورٹی دستے تعینات کردیے ہیں۔ ریاست کے چھترپور، گوالیار، بھنڈ، شیوپوری، مورینا اور شیوپور اضلاع میں ضلع انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر حکم امتناعی نافذ کردیا ہے ۔ حکم امتناعی کے دوران ان اضلاع کی حدود میں کسی بھی طرح کی ریلی، جلوس، شوبھا یاترا، دھرنا، مظاہرے اور عوامی اجلاس وغیر پرمجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر پابندی رہے گی۔ ساتھ ہی سوشل میڈیا پر ایسے کسی پیغامات کا تبادلہ نہ کیا جائے جس سے کسی مذہب، فرقے و ذات کے جذبات کو ٹھیس پہنچے یا وہ قومی اتحاد اور سالمیت کو نقصان پہنچاتے ہوں۔