حیدرآباد ۔ 6 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاست بھر میں جاریہ ماہ 10 فروری تا 25 فروری حکومت کی جانب سے منظم کئے جانے والے ’ ریونیو سدسووں ‘ کو ملتوی کردیا گیا اور مجوزہ انتخابات کے بعد دوبارہ ان ریونیو سدسووں منعقد کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ جب کہ ریاستی حکومت نے مجوزہ انتخابی اعلامیہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہی قبل از اجرائی انتخابی اعلامیہ ریاست میں ریونیو سدسووں کو منعقد کرنے کا ارادہ کیا تھا لیکن ریاستی چیف الکٹورل آفیسر کے مشورہ پر حکومت نے فی الفور اس کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مال مسٹر ین رگھوویرا ریڈی نے یہ بات بتائی اور بتایا کہ عام انتخابات کی تیاری میں محکمہ ریونیو سے تعلق رکھنے والے ملازمین کا ہی اہم رول رہنے کی وجہ سے ریاستی چیف الکٹورل آفیسر مسٹر بھنور لعل نے ریاستی چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن مسٹر آئی وائی آر کرشنا راؤ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے محکمہ مال کے ملازمین و عہدیداروں کو انتخابات کی تیاریوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے مجوزہ ریونیو سدسوؤں کو ملتوی کرنے کا مشورہ دیا تھا اور اس مکتوب و مشورہ سے مسٹر آئی وائی آر کرشنا راو نے ریاستی حکومت بالخصوص ریاستی وزیر مال مسٹر ین رگھوویرا ریڈی کو واقف کروایا تھا ۔ جس پر مسٹر رگھوویرا ریڈی نے اعلیٰ عہدیداران محکمہ مال سے مشورہ کرتے ہوئے مجوزہ ریونیو سدسووں کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ۔
وزیر مال نے کہا کہ انتخابات منعقد ہونے کے بعد دوبارہ ملتوی شدہ ریونیو سدسوؤں کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ وزیر مال نے مائیکرو سافٹ کمیٹی کے سی ای او کی حیثیت سے ایک حیدرآبادی نادیلا ستیہ کے فائز ہونے پر مسرت کا اظہار کیا اور زبردست ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس انتخاب سے ریاستی تلگو عوام کا وقار اونچا ہوا ہے ۔ مسٹر رگھوویرا ریڈی نے کہا کہ درحقیقت مسٹر نادیلا ستیہ کا تعلق ضلع اننت پور سے ہے اور ان سے اننت پور ضلع میں انفارمیشن ٹکنالوجی انڈسٹریز کو فروغ دینے کی خواہش کی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک تلگو فرد کی حیثیت سے عالمی سطح پر ایک اعلی مقام حاصل کرنے پر مسٹر نادیلا ستیہ کو ریاستی حکومت کی جانب سے بہت جلد زبردست تہنیت پیش کی جائے گی ۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ مسٹر نادیلا ستیہ کے والد مسٹر یوگیندھر ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار ہیں ۔۔