مجلس کے ساتھ ہونے پر ٹی آر ایس پر بی جے پی کی تنقید

دونوں جماعتوں کو شکست دینے عوام سے اپیل ، بنڈارو دتاتریہ ، کشن ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : بھارتیہ جنتا پارٹی نے ایم آئی ایم کے ساتھ ہونے پر ٹی آر ایس پر سخت تنقید کی جو غنڈہ ازم اور روڈی ازم کی حوصلہ افزائی کررہی ہے اور جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آر ایس اور ایم آئی ایم دونوں کو شکست دینے کی عوام سے اپیل کی ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ اور بی جے پی تلنگانہ اسٹیٹ یونٹ صدر جی کشن ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کا یہ دعویٰ کہ حیدرآباد کی ترقی صرف ریاستی حکومت ہی سے ہوگی غلط ہے کیوں کہ ریاست اور شہر کی ترقی کے لیے مرکز کی مدد بہت اہم ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے ٹی آر ایس کی محبت صرف سطحی ہے اور صرف انتخابات تک ہے ۔ ٹی آر ایس کی جانب سے کئے گئے وعدوں کا تذکرہ کرتے ہوئے جس میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کا وعدہ شامل ہے ، کشن ریڈی نے کہا کہ اس کے لیے 7 لاکھ کروڑ روپئے کی ضرورت ہوگی اور یہ رقم کہاں سے آئے گی ۔ ریاستی حکومت کو مرکز کی مدد طلب کرنے کی ضرورت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی مرکز کی جانب سے تلنگانہ کو ترجیح دی جارہی ہے مرکز نے حیدرآباد کو اسمارٹ سٹی بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن ریاستی حکومت نے اس میں تبدیلی کی اور کریم نگر کو اسمارٹ سٹی کے طور پر فروغ دینے کے لیے کہا ۔ اس طرح تجویز پیش کرنے میں ریاستی حکومت کی تاخیر کے باعث تلنگانہ کو پہلے مرحلہ میں اسمارٹ سٹی حاصل نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاستی حکومت حیدرآباد کو اسمارٹ سٹی برقرار رکھتی تو شہر کو مزید انفراسٹرکچر حاصل ہوتا تھا۔۔