مدھانی میں 6,250 مربع گز اراضی 3.75 کروڑ میں الاٹ
حیدرآباد 3 ستمبر ( سیاست نیوز ) مجلس کو حکومت نے قیمتی اراضی رعایتی قیمت پر فراہم کردی ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے بندلہ گوڑہ منڈل مدھانی میں واقع 6,250 مربع گز اراضی 3.75 کروڑ روپئے میں الاٹ کرنے کو منظوری دیدی ہے ۔ کابینہ کا اتوار کو اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں سمجھا جاتا ہے کہ اراضی کے الاٹمنٹ کو منظوری دی گئی جو شائد ایک دواخانہ کی تعمیر کیلئے استعمال کی جاسکتی ہے ۔ بندلہ گوڑہ منڈل میں اراضی کی قیمتیں 40,000 روپئے فی مربع گز تک ہیں اور 6,250 گز اراضی کی جملہ مالیت مارکٹ قیمت سے 24 کروڑ روپئے ہوتی ہے ۔ حکومت نے مجلس کو یہ اراضی 6,000 روپئے فی مربع گز کی قیمت سے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مجلس کے ٹی آر ایس حکومت کے ساتھ 2014 سے اچھے تعلقات ہیں اور چیف منسٹر چندر شیکھر راو مجلس کو ہمیشہ اپنی دوست جماعت قرار دیتے رہے ہیں۔