مجلس و بی جے پی کی خفیہ سازباز سے سیکولر ووٹس کی تقسیم

صد رپی سی سی اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد سراج الدین کا الزام
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد سراج الدین نے مجلس پر بی جے پی سے خفیہ سازباز کرتے ہوئے سیکولر ووٹوں کو تقسیم کرنے کی سازش کا حصہ بننے کا الزآم عائد کیا۔ گاندھی بھون میں آج اپنے چیمبر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر سید یوسف ہاشمی اور نائب صدرنشین تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر میر ہادی علی بھی موجود تھے۔ مسٹر محمد سراج الدین نے کہا کہ عیدالاضحی کے بعد تلنگانہ سے کانگریس اقلیتی قائدین کی چار ٹیمیں مہاراشٹرا کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کانگریس امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لے گی۔ ایک ٹیم کی وہ خود قیادت کریں گے۔ مسٹر محمد سراج الدین نے کہاکہ مجلس مفاد پرست جماعت ہے۔ مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے اس کے پاس کوئی ایجنڈہ نہیں ہے۔ صرف جذباتی اور اشتعال انگیز تقاریر کے ذریعہ اپنی سیاسی دکان چلارہے ہیں۔ جب تک کانگریس ریاست اور مرکز میں اقتدار پر تھی مجلس کانگریس کی تائیدی جماعت تھی۔ کانگریس کو شکست ہوجانے کے بعد ٹی آر ایس حکومت سے تال میل بڑھا رہی ہے۔ مہاراشٹرا میں اس مرتبہ انتخابات تاریخی اہمیت کے حامل ہے۔ ہر جماعت تنہا مقابلہ کررہی ہے۔ مجلس صرف اور صرف کانگریس کو نقصان پہنچانے اور سیکولر ووٹ تقسیم کرتے ہوئے بی جے پی کو فائدہ پہنچاتی ہے۔ تلنگانہ کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے وفد مہاراشٹرا میں مجلس کا اصلی چہرہ منظرعام پر لائیں گے۔ صدر مجلس مسٹر اسدالدین اویسی اور قائد اپوزیشن مسٹر اکبرالدین اویسی کی بلیک میلنگ سیاست کا پردہ فاش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور مجلس ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔