مجلس نے اپنا اصلی چہرہ ظاہر کردیا

ناکامی کے ڈر سے بوکھلاہٹ آشکار ، امجد اللہ خاں پر قاتلانہ حملہ افسوسناک ، عوام کا شدید ردعمل
حیدرآباد ۔ 2 ۔ فروری : ( پریس نوٹ ) : مجلس اتحاد المسلمین کے ایک نا اہل رکن اسمبلی نے آج عوام کی جانب سے انہیں مسترد کئے جانے پر اور اپنی ناکامی کے پیش نظر آج پولنگ کے فوری بعد اپنا اصلی چہرہ عوام کے سامنے پیش کردیا ۔ رکن اسمبلی ملک پیٹ آج 5 بجے شام جب ممتاز کالج پولنگ بوتھ سے واپس ہورہے تھے نہتے امجد اللہ خاں خالد پر رکن اسمبلی ملک پیٹ نے اپنے تقریبا 70 حواریوں کے ہمراہ سابق کارپوریٹر امجد اللہ خاں پر قاتلانہ حملہ کردیا ۔ جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوگئے ۔ بعد ازاں یہ خبر شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ۔ اور محبان مجلس بچاؤ تحریک ، کارکنان اور بلدی حلقہ اکبر باغ کے افراد وہاں پہونچ گئے اور اس حرکت کے خلاف احتجاج کیا ۔ پولیس کی بھاری جمعیت کو طلب کرلیا گیا تھا جس کے بعد امجد اللہ خاں خالد کو یشودھا ہاسپٹل منتقل کیا گیا ،جہاں ان کا علاج کیا جارہا ہے ۔ صدر مجلس بچاؤ تحریک نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ امجد اللہ خاں خالد تنہا اپنے ڈرائیور کے ساتھ ممتاز کالج پولنگ بوتھ پر پولنگ کے بعد جب دفتر مجلس بچاؤ تحریک چنچل گوڑہ واپس ہورہے تھے کہ ملک پیٹ رکن اسمبلی نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ساتھ ان پر حملہ کردیا ۔ جس میں وہ زخمی ہوگئے ۔ ڈاکٹر قائم خاں نے کہا کہ مجلس کی ناکارہ قیادت کو یہ اندازہ ہوگیا کہ اب عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے تو وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوتے ہوئے نچلی سطح کی حرکت کی اور یہ ثابت کردیا کہ وہ عوام میں اپنا اعتماد کھوچکے ہیں ۔ ڈاکٹر قائم خاں نے کہا کہ مجلس غنڈہ عناصر کی جماعت بن چکی ہے ۔ اب عوام انہیں سبق سکھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ کے آخر میں ان پر کیا گیا قاتلانہ حملہ ایک منصوبہ بند سازش ہے ۔ ڈاکٹر قائم خاں نے اس موقع پر موجود ایڈیشنل ڈی سی پی ، ملک پیٹ اے سی پی و دیگر پولیس عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ رکن اسمبلی احمد بلعلہ کو فوری گرفتار کریں اور اس قاتلانہ حملہ پر انہیں 307 دفعہ لگاتے ہوئے کیفرکردار تک پہنچائیں ۔ ڈاکٹر قائم خاں نے کہا کہ تمام تر حلقہ جات میں مجلس کی اسی طرح بوگسنگ اور غنڈہ گردی چلتی رہی اور پولیس خاموش تماشائی بنی رہی ۔ ڈاکٹر قائم خاں نے کہا کہ اگر پولیس اس حملہ کے خلاف کسی بھی کارروائی سے گریز کرے گی تو مجلس بچاؤ تحریک شدید احتجاج کرے گی ۔ ڈاکٹر قائم خاں نے کہا کہ سود خور ، زانی ، اور غنڈہ عناصر و لینڈ گرابرس کا دارالسلام مرکز بن گیا ہے ۔ قوم و ملت اور اتحاد کی دہائی دینے والے انتشار پیدا کرتے ہوئے شہر میں خوف و ہراسانی کا ماحول پیدا کررہے ہیں جس کی روک تھام انتہائی ضروری ہے ۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے ڈاکٹر قائم خاں کو تیقن دیا کہ فوری طور پر بلعلہ کی گرفتاری عمل میں آئے گی اور ان کے خلاف ضروری کارروائی ہوگی ۔ ڈاکٹر قائم خاں نے تحریک کے کارکنوں کو صبر کرنے اور اس کا فیصلہ عوامی عدالت میں چھوڑنے کا مشورہ دیا ۔۔