مجلس علما ہند کو دہشت گردی کے خلاف ریلی کی اجازت نہیں

لکھنو 4 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش میں لکھنو ضلع انتظامیہ نے مجلس علما ہند کو دہشت گردی کے خلاف 6 ستمبر کو ایک مذہبی ریلی کے انعقاد کی اجازت نہیں دی ہے ۔ اڈیشنل ضلع مسجٹریٹ اے پی شاہی نے بتایا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس ریلی کیلئے اجازت نہ دی جائے کیونکہ لکھنو ایسٹ اسمبلی حلقہ کیلئے ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں اور یہاں ضابطہ اخلاق نافذ ہے ۔ قبل ازیں مجلس علما کے جنرل سکریٹری اور ریلی کے آرگنائزر مولانا جواد نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس ریلی کے انعقاد کیلئے اجازت حاصل کرنے ضلع انتظامیہ کو درخواست دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو سے بھی اس ریلی کے انعقاد کے سلسلہ میں ملاقات کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملائم سنگھ نے اس وقت کہا تھا کہ امن پسند افراد ریلی کی مخالفت نہیں کرسکتے ۔ تاہم بہتر ہوگا کہ ضمنی انتخاب کی وجہ سے یہاں زیادہ عوام کو جمع نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریلی کسی بھی مذہب ‘ شخص یا پارٹی کے خلاف نہیں تھی بلکہ دہشت گردی کے خلاف ہورہی تھی جو بین الاقوامی مسئلہ بن گئی ہے ۔