مجلس بچاؤ تحریک کا جلسۂ رحمۃ للعالمینﷺ

شعلہ بیان مقرر اور قائد انقلاب ماسٹر مجاہد عالم کا خطاب
حیدرآباد۔یکم جنوری، ( سیاست نیوز)  بہار انتخابات میں مجلس کے ریاستی صدر اختر الایمان کو شکست سے دوچار کرنے والے رکن اسمبلی ماسٹر مجاہد عالم مجلس بچاؤ تحریک کے جلسہ رحمتہ للعالمینؐ میں شرکت کیلئے حیدرآباد پہنچ چکے ہیں۔ 2جنوری بروز ہفتہ بعد نماز عشاء چنچل گوڑہ جونیر کالج گراؤنڈ پر منعقد ہونے والے اس جلسہ عام سے ماسٹر مجاہد عالم رکن اسمبلی کوچہ دمن کشن گنج بہار کا خصوصی خطاب ہوگا۔ ماسٹر مجاہد عالم کے دورہ حیدرآباد کو مختلف گوشوں کی جانب سے کافی اہمیت دی جارہی ہے بالخصوص بہار انتخابات کے حوصلہ افزاء نتائج اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو ہونے والی کراری شکست کے بعد بہار میں جنتا دل ( یو ) اور راشٹریہ جنتا دل کی اہمیت میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ قومی سطح پر ان دونوں سیاسی جماعتوں کے قائدین کو انقلابی تصور کیا جارہا ہے۔ شہر حیدرآباد میں بہار سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی کا دورہ ایک ایسے وقت ہونے جارہا ہے جب شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی سیاسی جماعت کے صدر نے جلسہ رحمتہ للعالمینؐ کے دوران سیاسی تبصرہ کرتے ہوئے یہ کہا تھا کہ ’’ حیدرآباد، حیدرآبادیوں کا ہے اور وہ سب سے بڑے حیدرآبادی ہیں۔‘‘ ایسے وقت میں بہار کے رکن اسمبلی ماسٹر مجاہد عالم کے دورہ حیدرآباد اور عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب پر شہریوں کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔ ایک انگریزی روز نامہ میں شائع ہوئے انٹرویو میں ماسٹر مجاہد عالم نے کہا کہ بہار کے سیمانچل علاقہ میں ناانصافیوں کے نام پر مجلس نے انتخابات میں حصہ لینے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ وہ ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر ہی منتخب ہوکر آئے ہیں اور انہوں نے حیدرآباد حیدرآبادیوں کا کہے جانے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں بہاری لوگ حیدرآباد میں زندگی گذاررہے ہیں، اس طرح کے بیان سے اُن کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ واضح رہے کہ بہار انتخابات کے دوران ماسٹر مجاہد عالم نے مجلسی امیدوار و صدر ریاستی مجلس اخترالایمان کو 18000 ووٹوں سے شکست دیتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے اور ان کی انتخابی مہم میں سابق کارپوریٹر امجد اللہ خاں خالد نے شرکت کرتے ہوئے جلسوں سے خطاب کیا تھا۔