حیدرآباد ۔ 17 جنوری (پریس نوٹ) مجلس بچاؤ تحریک کے زیراہتمام 18 جنوری ہفتہ کو بعد نماز عشاء مغلپورہ گراونڈ پر 22 واں عظیم الشان جلسہ رحمتہ اللعلمین ﷺ زیرنگرانی ڈاکٹر قائم خان منعقد ہے جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مفکراسلام علامہ قاری سخاوت حسین برکاتی (اڑیسہ) شرکت کرتے ہوئے شرف تخاطب حاصل کریں گے۔ جبکہ مولانا شاکر رضا، قاری امان اللہ بلیاوی (مغربی بنگال) مہمان مقرر کی حیثیت سے خطاب کریں گے۔ اس جلسہ کے صدر استقبالیہ امجداللہ خاں خالد نے بتایا کہ جلسہ رحمتہ اللعلمین ﷺ کی تمام تر تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں۔
حسب روایت شہ نشین کیلئے کولکتہ کے نامور کاریگروں کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیشہ کی طرح جلسہ گاہ کے چاروں جانب خلفائے راشدین کے ناموں سے منسوب کمانیں بھی نصب کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جلسہ رحمتہ اللعلمین ﷺ میں شرکت کیلئے نہ صرف ریاست آندھراپردیش بلکہ پڑوسی ریاستوں کے عاشقان محمدی ؐ کے پروانے سرزمین دکن پہنچ گئے ہیں چنانچہ ان کی رہائش و طعام کیلئے حافظ بابانگر میں واقع انتظام کیا گیا ہے۔ امجداللہ خاں خالد نے بتایا کہ جلسہ گاہ میں پینے کے پانی کے علاوہ خواتین کیلئے پردہ کا خاص بندوبست کیا گیا ہے۔
امجداللہ خاں خالد نے بتایا کہ جلسہ رحمتہ اللعلمین ﷺ کے صدر استقبالیہ مولانا سید شاہ درویش محی الدین قادری المعروف مرتضیٰ پاشاہ ہوں گے جبکہ مقامی مقررین کرام میں الحاج محمد اقبال علی قادری رضوی، رفاعی کے علاوہ ڈاکٹر صادق نقوی، مولانا حسیب الحسن صدیقی، مولانا سید بختیار عالم اور مجیداللہ خاں فرحت مخاطب کریں گے جبکہ بیرونی و مقامی شعراء کرام و ثناء خوان بارگاہ کونین ﷺ میں نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔ جلسہ کی کارروائی سکندر مرزا انجام دیں گے۔ جلسہ کا آغاز قرأت کلام پاک سے ہوگا۔ امجداللہ خاں خالد نے عامتہ المسلمین سے گذارش کی کہ وہ بہ اوقات پابندی جلسہ گاہ میں تشریف لاتے ہوئے اپنی اپنی نشستیں سنبھال لیں۔