للیتا باغ ڈیویژن میں کانگریس امیدوار محمد عبدالعرفان کی مہم ، پیدل دورہ ، ہر جگہ استقبال
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے امیدوار بلدی ڈیویژن للیتا باغ محمد عبدالعرفان نے کہا کہ رائے دہی کے لیے الٹی گنتی شروع ہوگئی ۔ عوام خدمات گذار کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ووٹ دیں اگر کمیشن ایجنٹ چاہئے تو مجلس کو ووٹ دیں ۔ محمد عبدالعرفان نے آج للیتا باغ ڈیویژن کے مختلف مقامات کا پیدل دورہ کیا ۔ عوام نے ان کا شاندار استقبال کیا اور اپنے مسائل سے انہیں واقف کراتے ہوئے کہا کہ ہم نے مجلس پر اندھا بھروسہ کیا مگر مجلس نے ہمارے درمیان کام کرنے والوں کو روانہ کرنے کے بجائے کمیشن ایجنٹس کو چھوڑا ہے جو مسائل کو نظر انداز کرتے ہوئے لوٹ کھسوٹ کو ترجیح دیتے ہیں ۔ غنڈا گردی ، ظلم و ستم سے انصاف کا گلا گھونٹتے ہیں ۔ مسائل کے تعلق سے توجہ دلانے پر بدکلامی سے پیش آتے ہیں ووٹ ہمارا غنڈا راج مجلس کا نہیں چلے گا ۔ محمد عبدالعرفان نے بتایا کہ ان کی سماجی خدمات سے عوام متاثر ہے ۔ مذہب سے بالاتر ہو کر ان کی کلینک میں عوام کا مفت علاج کیا جاتا ہے ۔ حکومت کی فلاحی اسکیمات سے استفادہ کے لیے آن لائن مفت خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ اپنے جیب خاص سے معذورین معمرین کو امداد فراہم کررہے ہیں ۔ محمد عبدالعرفان نے کہا کہ مجلس اور بی جے پی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ۔ مجلس اسی ایجنڈے پر کام کرتی ہے جو بی جے پی تیار کرتی ہے ۔ جس کی مثال مہاراشٹرا کے عام انتخابات اور بنگلور کے بلدی انتخابات سے ملتی ہے ۔ جہاں مجلس نے ووٹ کٹوا پارٹی بن کر بی جے پی اور شیوسینا کو فائدہ پہونچایا ۔ تاہم للیتا باغ کے عوام کو بہار سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔ فرقہ پرست مجلس اور بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے سیکولر جماعت کانگریس کو ووٹ دیتے ہوئے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائے ۔ 2 فروری کو الکٹرانک ووٹنگ مشین میں اگر بٹن دبانے کوئی غلطی ہوگئی تو اس کا 5 سال تک خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔۔