مجلس اور بی جے پی میں میاچ فکسنگ للیتا باغ کے کانگریس امیدوار محمد عبدالعرفان کا الزام

حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے امیدوار بلدی ڈیویژن للیتا باغ محمد عبدالعرفان نے مجلس اور بی جے پی میں میچ فکسنگ ہوجانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اب کی بار للیتا باغ کے عوام دیانتدار بہادر اور تعلیم یافتہ امیدوار کا انتخاب کرتے ہوئے مذہبی جذبات کے ذریعہ سیاسی فائدہ اٹھانے والوں کو مسترد کردیں گے۔ محمد عبدالعرفان نے کہا کہ وہ گذشتہ کئی برسوں سے للیتا باغ ڈیویژن کے عوام کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے مفت خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ میری خدمات ہی میری پہچان ہے ۔ کانگریس نے ان کی خدمات سے متاثر ہو کر انہیں ٹکٹ دیا ہے اور عوام ان کا والہانہ خیر مقدم کرتے ہوئے رائے دہی سے قبل کامیاب ہوجانے کی مبارکباد دے رہے ہیں۔ وہ مجلس اور بی جے پی کی فرقہ پرستی کا خاتمہ کرنے اور سیکولرازم کی فضاء کو پروان چڑھانے اور عوامی مسائل کو حل کرانے کے لیے انتخابات میں مقابلہ کررہے ہیں ۔ ان کی خدمات ، بہادری اور دیانتداری سے عوام واقف ہے ۔ جب کہ مجلس نے بیواوں ، عمر رسیدہ افراد اور معذورین کے ساتھ ساتھ شادی مبارک اسکیم سے استفادہ کرنے ، راشن کارڈ ، آدھار کارڈ دلوانے کے لیے کمیشن وصول کرنے والوں کو اپنا امیدوار بنایا ہے ۔ للیتا باغ کے عوام باشعور ہیں وہ جذباتی تقاریر سے متاثر ہونے والے نہیں ہے ۔ کمیشن ایجنٹ اور عوامی خدمات گذار میں فرق محسوس کرتے ہیں اس لیے انہیں کامیاب بناکر اپنے ووٹ کو کار آمد بنائیں گے ۔ مجلس اور بی جے پی کے درمیان میچ فکسنگ ہوچکی ہے ۔ قیادت بی جے پی سے سازباز کرنے کے بعد انہیں تنقیدیں کرتے ہوئے مسلمانوں کو گمراہ کررہی ہے ۔ مجلس پر عوام نے ہمیشہ بھروسہ کیا مگر مجلس نے ہمیشہ ان پر بھروسہ کرنے والوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپی ہے ۔ اب آزمائش کا وقت ختم ہوگیا ۔ مجلس کے متبادل کے طور پر بحیثیت کانگریس امیدوار میں میدان میں ہوں میری خدمات پر بھروسہ کرتے ہوئے اگر عوام مجھے کامیاب بناتے ہیں تو وہ حکمرانوں اور مجلس کی قیادت سے لڑ جھگڑ للیتا باغ ڈیویژنس کے مسائل کو جنگی خطوط پر حل کرانے کے لیے ہمیشہ عوام کو دستیاب رہیں گے ۔ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ تبدیلی کے لیے انہیں کامیاب بنائے ۔۔