مجلس ، ذاتی مفادات کے لیے مسلمانوں کے سروں کا سودا کررہی ہے

آلیر انکاونٹر نظر انداز، پرانے شہر کی ترقی میں ناکام ٹی آر ایس کو اسد الدین اویسی کی حمایت افسوسناک ، محمد علی شبیر
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے اقلیتوں کے حقوق سلب کرنے کے باوجود بلواسطہ طور پر بی جے پی کو فائدہ پہونچانے کے لیے کٹھ پتلی اور ربر اسٹامپ بن کر ٹی آر ایس کی تائید کرنے کا صدر مجلس اسد الدین اویسی پر الزام عائد کیا ۔ آلیر انکاونٹر اور پرانے شہر کی ترقی کو نظر انداز کرنے کے باوجود ٹی آر ایس کی تائید کو منظم سازش کا حصہ قرار دیا ۔ آج ایک صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ اپنے ذاتی مفادات کے لیے مجلس مسلمانوں کے سروں کی سودے بازی کررہی ہے ۔ ٹی آر ایس کو فائدہ پہونچانے کے نام پر بی جے پی کی مدد کررہی ہے ۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں اقلیتوں کی ترقی کو یکسر نظر انداز کردیا گیا ۔ نہ 12 فیصد مسلم تحفظات کے وعدے کو پورا کیا گیا اور نہ ہی کبھی منظور کردہ اقلیتی بجٹ مکمل جاری کیا گیا ۔ اراضی تحفے میں حاصل کرنے کے لیے مجلس سارے مسلمانوں کو ٹی آر ایس کی تائید کرنے کی اپیل کررہی ہے ۔ محمد علی شبیر نے اسد الدین اویسی کو ٹی آر ایس کا وفادار اور کے سی آر کو وزیراعظم نریندر مودی کا وفادار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس اور مجلس تلنگانہ کے مسلمانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل نے صدر مجلس کو چیلنج کیا کہ وہ ثابت کر کے دیکھائے کہ کے سی آر سیکولر ہے کیا ۔ طلاق ثلاثہ کا بل راجیہ سبھا میں زیر التواء ہے مگر مودی حکومت کی جانب سے آرڈیننس جاری کردیا گیا ہے ۔ کانگریس کے بشمول یو پی اے کی کئی حلیف جماعتوں یہاں تک کہ پڑوسی ریاست کے چیف منسٹر و سربراہ تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو نے اس کی سخت مخالفت کی ہے ۔ لیکن ٹی آر ایس نے خاموشی اختیار کرتے ہوئے مودی کے ناپاک عزائم کی مکمل تائید و حمایت کی ہے ۔ پھر بھی مجلس ٹی آر ایس کی تائید کرتے ہوئے اس کو سیکولر ہونے کا جھوٹا پروپگنڈہ کررہی ہے ۔ مودی نے نوٹ بندی ، جی ایس ٹی کا فیصلہ کیا ۔ صدر جمہوریہ اور نائب صدر جمہوریہ کے انتخابات میں ٹی آر ایس نے بی جے پی کی بھر پور تائید کی ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ خفیہ ایجنڈہ پر عمل کرنے کے لیے اسد الدین اویسی نے یو پی اے سے دستبرداری اختیار کی ۔ ٹی آر ایس کی تائید کرتے ہوئے فرقہ پرستوں کو راست و بلراست فائدہ پہونچا رہی ہے ۔ جب کہ یہ واضح ہوگیا کہ کے سی آر ایک کٹر ہندو بنیاد پرست ہیں جنہوں نے منادر کی تعمیر کے لیے کروڑ روپئے جاری کیا ہے ۔ کے سی آر حکومت میں آلیر انکاونٹر ہوا ۔ گاؤ رکھشا کے نام مسلمانوں کا قتل کیا جارہا ہے ۔ اوورسیز اسکالر شپس اور فیس ری ایمبرسمنٹ کو روک دیا گیا ہے ۔ کانگریس کے دور حکومت میں 18 ہزار مسلم طلبہ کو انجینئرنگ کالجس میں داخلہ ملا کرتا تھا ۔ جو اب گھٹ کر 4 ہزار تک پہونچ گیا ہے ۔ 48 اردو کمپیوٹر سنٹرس اور 33 اردو لائبریریز کے اسٹاف کو تنخواہیں نہیں دی جارہی ہیں ۔ مقامی جماعت نے مہاراشٹرا ، اترپردیش اور کرناٹک میں ووٹ کٹوا پارٹی کا رول ادا کرتے ہوئے فرقہ پرستوں کو تقویت پہونچائی ہے ۔ پرانے شہر میں املی بن تا فلک نما میٹرو ریل کی تعمیر کے لیے مجلس نے ہی رکاوٹ پیدا کی ہے ۔۔
ساوتھ سنٹرل ریلوے میں مہاتما گاندھی جینتی تقریب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ساوتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 150 ویں جینتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس موقع پر سماجی تنظیم سیوا بھارتی نے سوچھ بھارت ، آروگیہ بھارت پروگراموں کا سکندرآباد ریلوے اسٹیشن ، سنٹرل ریلوے ہاسپٹل لالہ گوڑہ اور کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن پر انعقاد عمل میں لایا ۔ سابق مرکزی وزیر اور ایم پی بنڈارو دتاتریہ نے جنرل منیجر ساوتھ سنٹرل ریلوے ونود کمار یادو کے ہمراہ مہاتما گاندھی کو خراج پیش کیا ۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ سوچھ بھارت مہم وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے شروع کردہ ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ اس موقع پر جان تھامس ایڈیشنل جنرل منیجر ایس سی آر بھی موجود تھے ۔۔