مجلسی ارکان اسمبلی کی ہائی کورٹ میں درخواستیں خارج

انتخابی عذر داری کے مقدمہ کو جاری رکھنے کی راہ ہموار ، فرحت اللہ خاں کے وکیل کی بحث و جرح کا آغاز
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد ہائی کورٹ نے مجلسی ارکان اسمبلی کے خلاف دائر کردہ انتخابی عذر داری کی درخواستوں کو مسترد کرنے کے لیے مجلسی ارکان اسمبلی کی جانب سے داخل کی گئی درخواستوں کو خارج کردیا ۔ جسٹس ایم ایس رامچندر راؤ نے مجلسی ارکان اسمبلی ممتاز احمد خاں ( یاقوت پورہ ) ، احمد پاشاہ قادری ( چارمینار ) ، معظم خاں ( بہادر پورہ ) اور احمد بن عبداللہ ( ملک پیٹ ) کی درخواستوں کو مسترد کردیا اور ان ارکان اسمبلی کے خلاف دائر کردہ انتخابی عذر داری کے مقدمہ کو جاری رکھنے کی راہ ہموار کردی ۔ ان 4 ارکان اسمبلی نے علحدہ علحدہ درخواستیں داخل کرتے ہوئے ان کے خلاف انتخابی دھاندلیوں کی شکایات کے ساتھ دائر کردہ انتخابی عذر داری کی درخواستوں کو مسترد کرنے کی درخواست کی تھی ۔ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں انتخابی دھاندلیوں کے خلاف جناب مجید اللہ خاں فرحت نے عدالت سے رجوع ہونے کا اعلان کیا تھا

اور انتخابی عذر داری داخل کرتے ہوئے اس بات کی شکایت کی تھی کہ انتخابی عملہ ، پولیس اور مقامی جماعت کے قائدین نے ساز باز کے ذریعہ انہیں نہ صرف گرفتار کروایا بلکہ فہرست رائے دہندگان میں ہوئی دھاندلیوں کی متعدد شکایات کے باوجود انتخابی عملہ نے کارروائی نہیں کی ۔ علاوہ ازیں جناب عبداللہ خاں فرحت نے ہائی کورٹ میں داخل کردہ درخواست میں اس بات کی بھی شکایت کی تھی کہ فہرست رائے دہندگان میں فرضی رائے دہندوں کی نشاندہی کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور پھر رائے دہی کے دن پرامن رائے دہی کو یقینی بنانے کے لیے تحریک کے امیدوار کی جانب سے داخل کردہ نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کی درخواست کا حوالہ دیتے ہوئے اس پر عدم عمل آوری اور مقامی پولیس کی ساز باز کا الزام بھی عائد کیا ہے ۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت جو کہ 2014 عام انتخابات میں مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار کی حیثیت سے یاقوت پورہ اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کئے ہیں نے بتایا کہ ان کی جانب سے داخل کردہ درخواست انتخابی عذر داری کو سماعت کے لیے قبول کئے جانے کے بعد اب مقدمہ میں یہ دوسری بڑی کامیابی ہے ۔

جس میں فاضل عدالت نے حزب مخالف کی جانب سے داخل کردہ استرداد کی درخواست کو خارج کردیا ۔ جناب فرحت خان کے وکیل مسٹر وی وینکٹ رمنا نے بتایا کہ اب مذکورہ مقدمہ میں جوابی حلف نامہ کے ادخال کے بعد مقدمہ کی سماعت اور جرح کا آغاز ہوگا ۔ مجلس بچاؤ تحریک کے دیگر امیدواروں راشد ہاشمی ( بہادر پورہ ) ، ماجد خاں ( چارمینار ) نے بھی عدالت میں انتخابی عذر داری داخل کئے ہوئے ہیں اور ان کی درخواستوں کو مسترد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے داخل کی گئی درخواستیں بھی خارج کی جاچکی ہیں ۔۔