حیدرآباد /21 فروری ( سیاست نیوز ) مجرمین کی ٹولیوں اور روڈی شیٹرس کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے حیدرآباد رچہ کونڈہ اور سائبرآباد پولیس کا ایک رابطہ اجلاس منعقد کیا گیا تھا ۔ راجندر نگر میں کمشنر پولیس سائبرآباد وی سی سجنار کے زیر نگرانی اس خصوصی اجلاس میں جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں تینوں کمشنریٹس کے اعلی عہدیداروں نے یہ فیصلہ کیا کہ یہ مجرمین کی ٹولیوں اور جرائم پیشہ افراد کی تمام تفصیلات کا آپس میں تبادلہ کیا جائے تاکہ خطرناک جرائم کی روک تھام کی جاسکے ۔ سیاست نیوز سے بات کرتے ہوئے سائبر آباد کمشنر مسٹر سجنار نے کہا کہ پولیسنگ کو مزید بہتر بنانے اور مجرمین کی گینگس پر کڑی نظر رکھنے کیلئے تینوں کمشنریٹس کا پولیس عملہ آپس میں اہم معلومات آپس میں تبادلہ کریں گے تاکہ جرائم کی روک تھام کی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر پولیس بندوبست سے متعلق پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کیلئے تینوں کمشنریٹس کے سرحدی پولیس اسٹیشن کا دو ماہ میں ایک مرتبہ عہدیداروں کا اجلاس منعقد کیا جائیگا ۔ اس اجلاس میں جوائنٹ کمشنر پولیس رچہ کونڈہ ، جی سدھیر بابو اور ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون عنبرکشور جھا نے بھی شرکت کی ۔