نئی دہلی ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : دہلی پولیس کے 6 ملازمین بشمول ایک سب انسپکٹر کو ایک گینگسٹر کی آگرہ کی عدالت میں حاضری کے بعد شاپنگ کروانے کے الزام میں خدمات سے برطرف کردیا گیا ۔ معطل شدہ اہلکاروں میں اشوینی ( اسسٹنٹ سب انسپکٹر ) راجیش ( ہیڈ کانسٹبل ) اور کانسٹبلس سنجے کرشنا ، یوگیندر اور پدم شامل ہیں ۔ انہیں دہلی مسلح پولیس کی تیسری بٹالین میں متعین کیا گیا تھا جو کہ زیر دریافت قیدیوں کی دہلی اور دہلی کے باہر کی عدالتوں اور ہاسپٹلوں کو لانے اور لیجانے کی ذمہ دار ہے ۔ سینئیر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ قبل ازیں انہیں ڈیوٹی سے غفلت برتنے پر معطل کردیا گیا تھا لیکن ڈی سی پی تھرڈ بٹالین نے مجرموں کے ساتھ گٹھ جوڑ پر انہیں کل خدمات سے برطرف کردیا ۔ پولیس کی اطلاع کے بموجب یہ واقعہ 27 اگست کو پیش آیا جب تہاڑ جیل میں محروس گینگسٹر منوج بکروالا کو ایک کیس کی سماعت کے لیے آگرہ کی عدالت لے گئے تھے ۔ گینگسٹر کی حفاظت پر مامور پولیس ملازمین کو کیس کی سماعت کے فوری بعد دہلی واپس آجانا تھا ۔ لیکن بکروالا نے دہلی روانگی سے قبل شاپنگ کی خواہش ظاہر کی ۔ جس پر پولیس اہلکار آمادہ ہوگئے تاہم دکان کے ایک مالک نے اس واقعہ کی اپنے صحافی دوستوں کو اطلاع دی اور کیمرہ میں اس کی فلمبندی کرلی گئی تو ہلچل پیدا ہوگئی تھی ۔ جس کے بعد 6 پولیس ملازمین کو فی الفور برطرف کردیا گیا ۔۔