ہوم پینھ (کمبوڈیا) ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کمبوڈیائی قائد ہون سین نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے امریکہ کا تذکرہ کیا اور کہا کہ امریکہ سے خواہش کی گئی ہے کہ ایسے ملزمین جو کمبوڈیائی نسل کے ہیں، انہیں کمبوڈیا واپس بھیجنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ اب دونوں ممالک کو اپنی اپنی پالیسیوں میں کچھ ایسی ترمیم کرنی چاہئے کہ خاندانوں کو منتشر ہونے سے روکا جاسکے۔ ملزمین کی حوالگی کے معاہدہ کے تحت زائد از 500 کمبوڈیائی ملزمین کو امریکہ نے کمبوڈیا واپس بھیج دیا ہے۔ حالانکہ ان میں سے اکثریت ایسے ملزمین کی ہے جو امریکہ میں ہی پلے بڑھے اور کمبوڈیا پہلے کبھی نہیں آئے۔ یہاں تک کہ وہ کمبوڈیا کی زبان سے بھی واقف نہیں۔ امریکہ بڑا ہی چالاک ہے۔ وہ صرف اچھے لوگوں کو ملک میں رکھنا چاہتاہے جبکہ مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والوں کو کمبوڈیا واپس بھیجا جارہا ہے۔ ہون سین کمبوڈیا کے ایک تجربہ کار قائد ہیں جنہوں نے 30 سال تک ملک پر بطور وزیراعظم حکومت کی ہے۔ امریکہ سے یہی خواہش کی جاسکتی ہیکہ وہ مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے کمبوڈیائی شہریوں کو بھی اپنے ارکان خاندان کے ساتھ امریکہ میں رہنے کا موقع فراہم کرے۔