مجرمانہ ریکارڈ اکھٹا کرنے سائبرآباد پولیس کے اقدامات

جرائم میں ملوث خاطیوں کے تصاویر اور انگلیوں کے نشانات کا کلکشن سنٹر
حیدرآباد /18 جولائی ( پی ٹی آئی ) سائبرآباد پولیس نے آج جائیداد اور گھناؤنے جرائم میں ملوث خاطیوں کی تصاویر اور انگلیوں کے نشانات حاصل کرتے ہوئے ان سے کی گئی پوچھ گچھ کے ریکارڈ کو محفوظ رکھنے کیلئے ایک نئے یونٹ کا قیام عمل میں لایا ہے ۔ اس یونٹ کو سنٹرل کریمنل ڈاٹا کلکشن سنٹر کا نام دیا گیا ہے ۔ اس سنٹر کے مدد سے ایک ہی جگہ خاطیوں اور ملزمین سے متعلق معلومات حاصل ہوجائیں گی۔ ان کی سرگرمیوں کا پتہ چلانے اور ان کے قانون سے فرار ہونے کی کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا تاکہ وہ اپنے جرائم کو دوبارہ انجام نہ دیں سکے ۔ اس سنٹر کا قیام سائبرآباد پولیس کمشنر آفس میں کیا گیا ہے جہاں جائیداد کے جھگڑوں ، قابضین اور گھناؤنے جرائم کے مرتکب افراد کا ریکارڈ رکھا جائے گا ۔ یہ سنٹر دیگر پولیس اسٹیشنوں ، یونٹوں اور ایجنسیوں کو بھی معلومات فراہم کرتے ہوئے مجرمین کی راہ فراری کو روکنے میں مدد کرے گا ۔ پولیس ان تمام خاطیوں کے پتوں کی تصدیق بھی کرے گی ۔ سائبرآباد پولیس کمشنر حدود میں گرفتار ہونے والے تمام خاطیوں کا ریکارڈ رکھا جائے گا تاکہ مستقبل میں اس یونٹ کی مدد سے خاطیوں کا بروقت پتہ لگایا جاسکے ۔ یہ ڈاٹا تمام پولیس اسٹیشنوں کیلئے دستیاب رہے گا تاکہ مجرموں کا ریکارڈ معلوم کرتے ہوئے ان کی تلاش کی جاسکے ۔