نئی دہلی۔/27نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج مجاہدین آزادی کے ساتھ دستور سازوں کی گرانقدر خدمات کو یاد رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے جنہوں نے ملک کے 125کروڑ عوام کو واحد اکائی میں باندھے رکھنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ مجاہد آزادی چودھری رنبیر سنگھ کی صدر سالہ یوم پیدائش تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے ہمیں اس بات کو ذہن نشین کرلینی چاہیئے کہ عوام آج جن ثمرات سے استفادہ کررہے ہیں وہ مجاہدین آزادی اور دستور کے معماروں کے لگائے ہوئے پودوں سے حاصل ہورہے ہیں اور جدوجہد آزادی میں ہزارہا افراد نے اپنی جانیں اور جوانی نچھاور کردیں۔انہوں نے کہا کہ دستور سازی کا کام آسان نہیں تھا یہ ایک شاندار دستاویز ہے جس کی وجہسے سماجی و معاشی تبدیلیاں ممکن ہوسکیں۔ صدر جمہوریہ نے بتایا کہ دستور سازی کیلئے جن ماہرین کا انتخاب کیا گیا
انہوں نے تدبیر کے ساتھ دستور کی تدوین کی جس کے نتیجہ میں125کروڑ عوام کو جسد واحد کی طرح متحد کردیا گیا۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نئے ہندوستان کی تعمیرکیلئے فرقہ پرستی اور ذات پات کے خلاف متحدہ جدوجہد کیلئے چودھری سنگھ کی زندگی ہمیں حوصلہ بخشتی ہے۔ اس تقریب میں کانگریس نائب صدر راہول گاندھی، این سی پی سربراہ شرد پوار، سی پی ایم لیڈر سیتا رام یچوری، سابق گورنر موتی لال وورا، سابق چیف منسٹر ہریانہ بھوپیندر سنگھ ہوڈا، راشٹریہ لوک دل سربراہ اجیت سنگھ اور دیگر کانگریس کے سرکردہ قائدین شریک تھے۔اس موقع پر صدر کانگریس سونیا گاندھی کا پیام پڑ ھ کر سنایا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ چودھری رنبیر سنگھ نے جدوجہد آزادی میں نمایاں رول ادا کیا تھا اور مادر وطن کی آزادی کیلئے جیل میں قید و بند کی زندگی گذاری تھی، وہ کانگریس کے سچے اور پکے سپاہی تھے۔