مجالس مقامی کے چناؤ میں کانگریس کا حوصلہ افزاء مظاہرہ

ٹی آر ایس کی کوئی لہر نہیں، بنیادی سطح پر کانگریس مستحکم : جی نارائن ریڈی
حیدرآباد ۔ 4۔جون (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی نے پھر ایک بار اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے ۔ پارٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے کہا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں پارٹی کا مظاہرہ حوصلہ افزاء رہا ۔ انہوں نے کہا کہ نتائج کو ٹی آر ایس کے حق میں لہر قرار نہیں دیا جاسکتا کیونکہ تمام نشستوں پر کانگریس نے سخت مقابلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے سرکاری مشنری دولت اور شراب کے بے دریخ استعمال کے باوجود کانگریس کو خاطر خواہ نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی اور کئی نشستوں پر معمولی ووٹوں کے فرق سے ناکامی ہوئی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن نے کانگریس کی شکایات کو نظر انداز کرتے ہوئے ٹی آر ایس قائدین کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی کھلی چھوٹ دے دی ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں رائے دہندوں کو ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ کیلئے مختلف طریقہ سے مجبور کیا گیا ۔ ٹی آر ایس ارکان اسمبلی اور وزراء نے کھلے عام دھمکی دی کہ اگر ٹی آر ایس کو ووٹ نہیں دیا تو اس گاؤں کو فنڈس نہیں دیئے جائیں گے۔ کانگریس کارکنوں کو پولیس کے ذریعہ ہراساں کرتے ہوئے انتخابی مہم سے روکا گیا۔ لوک سبھا نتائج کے تلخ تجربہ کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے ایم ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات میں سرکاری مشنری کا استعمال کیا ۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ عوام ٹی آر ایس حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں اور وہ کانگریس پارٹی کی طرف لوٹ رہے ہیں ۔ انہوں نے نو منتخب ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی ارکان کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ نتائج سے بنیادی سطح پر کانگریس کے استحکام میں مدد ملے گی۔