مجالس مقامی کے لیے کل پہلے مرحلے کے تحت رائے دہی

حیدرآباد ۔ 4 ۔ مئی : ( این ایس ایس ) : ریاستی الیکشن کمیشن نے مجالس مقامی کے انتخابات کے ضمن میں متعلقہ حکام کو چوکس کرتے ہوئے 6 مئی کو پرامن و اطمینان بخش انداز میں رائے دہی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ ضلع پرجا پریشد اور منڈل پرجا پریشد انتخابات کے دیگر دو مرحلے 10 اور 14 مئی کو مقرر ہیں ۔ ریاستی الیکشن کمشنر وی ناگی ریڈی نے ضلع پرجا پریشد اور منڈل پرجا پریشد انتخابات کے انعقاد کے لیے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ تین مرحلوں میں ہونے والے مجالس مقامی کے انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ۔ پہلے مرحلے کے تحت ضلع پرجا پریشد کے 197 اور منڈل پرجا پریشد کے 2166 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ تمام علاقوں میں صبح 7 بجے تا 5 بجے شام ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ تاہم نکسلائٹ سرگرمیوں سے متاثرہ علاقوں میں صبح 7 بجے تا 4 بجے شام رائے دہی ہوگی ۔۔

اراضی کی دستاویزات میں غلطی پر
کسان کا اقدام خود کشی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مئی : ( پی ٹی آئی ) : ضلع نارائن پیٹ کے ایک کسان نے اپنا اراضی کے ستاویزات میں پائی جانے والی غلطی پر مبینہ طور پر دل برداشتہ ہو کر جراثیم کش دوا پیتے ہوئے خود کشی کی کوشش کی ۔ پولیس نے کہا کہ 45 سالہ کسان پٹہ دار ( اراضی کی مالکیت ) پاس بک میں اصلاح چاہتا تھا کیوں کہ اس پاس بک میں مبینہ طور پر اس کے مملوکہ اراضی سے کم اراضی بتائی گئی تھی ۔ اس نے اگرچہ ریونیو عہدیداروں کے پاس پہونچ کر اس سے ملاقات کی لیکن غلطی کی اصلاح نہیں ہوسکی تھی ۔۔