مجالس مقامی کے انتخابات کیلئے کانگریس کی تیاریاں

اہم قائدین کا اجلاس، 15 اپریل سے قبل امیدواروں کو قطعیت دینے کی ہدایت
حیدرآباد۔/12 اپریل، ( سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات کی تکمیل کے ساتھ ہی کانگریس پارٹی نے مجالس مقامی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ حیدرآباد میں موجود پارٹی کے سینئر قائدین کے ساتھ گاندھی بھون میں منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی امیدواروں کے انتخاب کا اختیار منڈل کانگریس صدور اور اسمبلی حلقوں کے انچارجس کو دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں منڈل، ضلع اور ریاستی سطح کے قائدین کو بھرپور انداز میں حصہ لینا چاہیئے تاکہ بنیادی سطح پر کانگریس مستحکم ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ 15 اپریل سے قبل منڈل صدور مقامی سطح پر اجلاس منعقد کرتے ہوئے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دیں۔ ضلع صدر یا اسمبلی حلقہ کے انچارج کی عدم موجودگی کی صورت میں ضلعی قیادت اور ریاستی قیادت امیدواروں کے انتخاب میں اہم رول ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع پریشد صدور نشین کے عہدہ کیلئے امیدواروں کا انتخاب پردیش کانگریس کمیٹی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران یہ واضح ہوگیا کہ پارٹی بنیادی سطح پر کافی مستحکم ہے لہذا انہیں امید ہے کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس کا بہتر مظاہرہ رہے گا۔