کامیابی کی صورت میں انحراف سے روکنے کانگریس کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 17۔ اپریل (سیاست نیوز) مثل مشہور ہے کہ دودھ کا جلا چھانچ بھی پھونک کر پیتا ہے۔ کچھ یہی حال کانگریس پارٹی کا ہے جو ارکان اسمبلی کے بڑے پیمانے پر انحراف کے صدمہ سے ابھر نہیں پائی ہے ۔ پارٹی نے مجالس مقامی کے مجوزہ انتخابات میں امیدواروں سے حلفنامہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کامیابی کے بعد انہیں انحراف سے روکا جاسکے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کریم نگر اور دیگر اضلاع کے قائدین نے صدر پردیش کانگریس کو تجویز پیش کی ہے کہ انحراف سے روکنے کیلئے پارٹی امیدواروں سے بانڈ پیپر پر حلفنامہ حاصل کرلیا جائے۔ اتم کمار ریڈی نے پارٹی کے سینئر قائدین کے اجلاس میں یہ تجویز پیش کی جس پر اتفاق رائے ہوا ہے ۔ اتم کمار ریڈی جلد ہی اس بارے میں باقاعدہ اعلان کریں گے ۔ ڈسمبر 2018 ء اسمبلی انتخابات کے بعد کانگریس کے تقریباً 11 ارکان اسمبلی نے انحراف کرلیا تھا۔ اب جبکہ مجالس مقامی کے انتخابات کا سامنا ہے، کانگریس احتیاط سے قدم رکھنا چاہتی ہے۔ 32 اضلاع کے ضلع پریشد اور منڈل پریشد امیدواروں کو ضلع یونٹ کے ساتھ حلفنامہ پر دستخط کرنا ہوگا کہ وہ اپنی میعاد کی تکمیل تک پارٹی کے ساتھ وابستہ رہیں گے۔ اگر کسی زیڈ پی ٹی سی رکن کو ضلع پریشد صدر نشین کا لالچ دیا جائے تو وہ بآسانی انحراف کرسکتا ہے ۔ لہذا کانگریس احتیاطی اقدامات کرنا چاہتی ہے ۔ کانگریس قائدین کا احساس ہے کہ اگر مجالس مقامی کے انتخابات میں احتیاطی قدم نہیں اٹھائے گئے تو پارٹی بنیادی سطح پر کمزور ہوجائے گی۔