کمزور طبقات کو حکومت کے خلاف متحدہ جدوجہد کرنی ہوگی، کانگریس قائد وینکٹ سوامی کا بیان
حیدرآباد ۔ 8۔ مئی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی او بی سی سیل کے صدرنشین کے وینکٹ سوامی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے منصوبہ بند سازش کے ذریعہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات میں بی سی تحفظات میں کمی کردی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ سوامی نے کہا کہ اگرچہ حکومت نے بی سی تحفظات میں کمی کردی لیکن کانگریس نے عام زمرہ کی نشستوں پر بی سی طبقات کو ٹکٹ دیتے ہوئے ان کی نمائندگی میں اضافہ کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بی سی نمائندگی کم کرنے کی سازش کی لیکن کانگریس نے اپنے طور پر بی سی نمائندگی میں اضافہ کے قدم اٹھائے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کے تمام بی سی طبقات سے اپیل کی کہ وہ مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس کی تائید کرتے ہوئے مخالف بی سی ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر عوامی مسائل کو فراموش کرتے ہوئے سیاسی فائدہ کیلئے ملک کا دورہ کر رہے ہیں ۔ وینکٹ سوامی نے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی توہین کے ذریعہ کے سی آر نے درج فہرست اقوام کے جذبات کو مجروح کیا ہے ۔ وینکٹ سوامی نے کہا کہ ایس سی ، بی سی اور ایس ٹی طبقات کو پھر ایک بار نئے تلنگانہ کیلئے متحدہ جدوجہد کرنی ہوگی۔ یہ جدوجہد تلنگانہ عوام کے وقار اور ان کی عزت نفس کی لڑائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 15 مئی سے سدی پیٹ میں بی سی سیل کی جانب سے احتجاج کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف عوامی مسائل پر مرحلہ وار انداز میں ایجی ٹیشن کیا جائے گا ۔ انہوں نے اندرا پارک پر مندا کرشنا مادیگا کو احتجاج کی اجازت نہ دیئے جانے پر تنقید کی اور کہا کہ کے سی آر حکومت جمہوری انداز میں احتجاج کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔