مجالس مقامی انتخابات جیتنے اختیارات کا بیجا استعمال

ٹی آر ایس کے خلاف اپوزیشن کی ناگی ریڈی سے شکایت
حیدرآباد 5 مئی ( این ایس ایس ) سیاسی جماعتوں کے ایک وفد نے آج ریاستی الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اور مجالس مقامی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے برسر اقتدار جماعت کے قائدین کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کے خلاف شکایت کی ۔ اس وفد میں تلگودیشم کے آر چندر شیکھر ریڈی ‘ ٹی جے ایس کے صدر پروفیسر کودنڈا رام اور سی پی آئی کے ڈاکٹر سدھاکر راو شامل تھے ۔ وفد نے ریاستی الیکشن کمشنر وی ناگی ریڈی سے ملاقات کرکے ایک شکایت حوالے کی جس میں کہا گیا ہے کہ ٹی آر ایس کی جانب سے ناشائستہ رویہ اختیار کیا جا رہا ہے اور زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی انتخابات جیتنے مخالف امیدواروں کو دھمکانے پولیس کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے سی پی آئی قائدین کو سوریہ پیٹ میں اس وقت گرفتار کرلیا جب وزیر تعلیم جگدیش ریڈی وہاں مہم کیلئے پہونچے تھے ۔ یہ صرف اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے اور الیکشن کمیشن کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ برسر اقتدار جماعت اپنے اختیارات کا بیجا استعمال نہ کرے ۔ الیکشن کمشنر نے ان کی شکایات کا جائزہ لینے کا تیقن دیااور کہا کہ وہ پہلے ہی پولیس کو ہدایات دے چکے ہیں۔